اسلام آباد ریجن میں بھی 6 گھنٹے تک لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے،پاورڈویژن

اسلام آباد (ویب نیوز)

ملک میں بجلی کا شارٹ فال 6 ہزار 465 میگاواٹ ہے،لوڈشیڈنگ بدستورجاری ہے ۔ پاور ڈویژن کے مطابق بجلی کی مجموعی پیداوار 22ہزار 259 میگاواٹ جبکہ بجلی کی طلب28ہزار724میگاواٹ ہے۔پاور ڈویژن کے مطابق پانی سے 5 ہزار 150 میگاواٹ،سرکاری تھرمل پلانٹس سے 1 ہزار761میگاواٹ بجلی پیدا کی جارہی ہے۔نجی شعبے کے بجلی گھروں کی مجموعی پیداوار 12 ہزار 285 میگاواٹ ہے جبکہ ونڈ پاور پلانٹس 1ہزار 148 میگاواٹ اور سولرپلانٹس سے پیداوار 500 میگاواٹ ہے۔بگاس سے چلنے والے پلانٹس 178 میگاواٹ بجلی پیدا کررہے ہیں اورجوہری ایندھن سے1ہزار 238 میگاواٹ بجلی پیدا کی جارہی ہے۔پاورڈویژن نے بتایا کہ ملک کے مختلف علاقوں میں 14 گھنٹے تک کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے اوراسلام آباد ریجن میں بھی 6 گھنٹے تک لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے۔یہ بھی بتایا گیا کہ زیادہ نقصانات والے علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ زیادہ ہے۔