وزیر اعلی حمزہ شہباز کا تاجر برادری سے مشاورت کے بعد پنجاب میں مارکیٹیں، بازار اور کاروباری مراکز 9 بجے بند کرنے کا فیصلہ

ہفتے کو تاجر برادری کو کاروبار کے اوقات میں خصوصی رعایت دی جائے گی۔ میڈیکل سٹورز پر 9 بجے بندش کے فیصلے کا اطلاق نہیں ہو گا۔حمزہ شہباز

 عیدشاپنگ کے لیے اوقات کار کا تاجر برادری سے مشاورت سے جائزہ لیا جائے گاـحمزہ شہباز

حمزہ شہباز سے صوبہ بھر کے تاجر رہنماؤں اورنمائندوں کی ملاقات

تاجر وں کا توانائی بحران سے نمٹنے کے لئے حکومتی اقدامات کی بھرپور حمایت کا اعلان

لاہور  (ویب نیوز)

وزیراعلیٰ پنجاب محمد حمزہ شہباز شریف نے توانائی کی بچت کے لئے صوبہ بھر کی تاجر برادری کے عہدیداروں کے نمائندہ وفد کے ساتھ مشاورت کے بعد صوبہ بھر کی مارکیٹیں، بازار اور کاروباری مراکز رات 9 بجے بند کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ وزیر اعلی پنجاب حمزہ شہباز نے کہا کہ پنجاب بھر میں ریسٹورنٹس رات ساڑھے11بجے تک کھلے رہیں گے۔شادی ہالز سابق پالیسی کے تحت رات 10 بجے تک کھل سکیں گے جبکہ ہفتے کو تاجر برادری کو کاروبار کے اوقات میں خصوصی رعایت دی جائے گی۔ میڈیکل سٹورز پر 9 بجے بندش کے فیصلے کا اطلاق نہیں ہو گا۔ وزیر اعلی حمزہ شہباز نے کہا کہ عید کی شاپنگ کے لیے اوقات کار کی پالیسی کا تاجر برادری سے مشاورت سے جائزہ لیا جائے گا اور ان کے مطالبے پر ہمدردانہ غور کیا جائے گا۔وزیر اعلی حمزہ شہباز سے صوبہ بھر کے تاجر رہنماؤں اورنمائندوں نے اج ملاقات کی، پنجاب بھر کی تاجر برادری نے توانائی بحران میں حکومتی اقدامات کی بھرپور حمایت کا اعلان کیااور انرجی سیونگ کیلئے حکومتی اقدامات کو سراہا۔ وزیر اعلی پنجاب حمزہ شہباز نے کہا کہ تاجر برادری نے ہمیشہ مشکل وقت میں قوم کا ساتھ دیا ہے  اور میں آج بھی حکومتی اقدامات کی غیر مشروط حمایت پر تاجر برادری کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ مشاورت میں برکت ہوتی ہے اور مشاورت سے کئے گئے  فیصلوں کے ہمیشہ مثبت نتائج نکلتے ہیں۔معیشت کی بہتری کیلئے تاجر برادری کا کلیدی کردار ہے۔تاجر برادری کے جائز مسائل حل کریں گے۔ تاجر برادری کے عہدیداروں نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور تجاویز بھی پیش کیں۔خواجہ سلمان رفیق،خواجہ احمد حسان، رانا مشہور احمد، سید علی حیدر گیلانی، عطا تارڑ، چودھری بلال اصغر،عمران گورایہ،چیف سیکرٹری اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔