کولمبو (ویب نیوز)

بدترین معاشی بحران کا شکار سری لنکا میں فوج نے ایک پٹرول پمپ پر فسادات کرنے والوں پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں 4شہری اور 3فوجی زخمی ہوگئے۔اتوار کو حکام نے بتایا کہ دیوالیہ ملک سری لنکا میں ایندھن کے حصول کے لئے پٹرول پمپس پر گاڑیوں کی قطاریں لگی ہوئی ہیں ،فوجی ترجمان نیلنتھا پریمارنتن نے بتایا کہ دارلحکومت کولمبو کے 365کلومیٹر شمال کی جانب وسوومادو میں ایک پٹرول پمپ پر ایندھن کے حصول میں مشکلات کے پیش نظر لوگ مشتعل ہوگئے اور محافذ کے ٹھکانے پر پتھرائو کیا۔انہوں نے کہا کہ 20سے 30افراد کے گروپ کی جانب سے پتھرائو کے نتیجے میں ایک فوجی ٹرک کو نقصان پہنچا۔مشتعل افراد کو منتشر کرنے کے لئے فوج نے فائرنگ کر دی ،فائرنگ اور پتھرائو کے نتیجے میں 4شہری اور 3فوجی اہلکار زخمی ہوگئے۔