حج سے متعلق احرام سمیت دیگر اشیا کی قیمتوںمیں اضافہ کے باعث خریداری کا رحجان کم ہو رہا ہے، تاجر مدینہ مارکیٹ راجہ بازار

سعودی عرب جانے والے مدینہ مارکیٹ راجہ بازار کا رخ تو کر رہے ہیں مگرمہنگائی کے شکوہ کیساتھ ساتھ سعادت ملنے پر خوش بھی ہیں، سروے

راولپنڈی  (ویب نیوز)

کرونا وبا کے باعث جہاں دیگر کاروبار متاثر ہوئے تو وہی حج سے متعلقہ سامان فروخت کرنے والے تاجر گزشتہ کئی سالوں سے پریشان ہیں،  مدینہ مارکیٹ راجہ بازار راولپنڈی کے دکانداروں کا کہنا ہے کہ کہ لوگوں کا حج کرنے کا جذبہ ماضی کی طرح ہی ہے لیکن ر واں سال حج کوٹہ کم ہونے کے باعث بہت کم تعداد میں پاکستانی حج کی سعادت حاصل کر رہے ہیں، کوٹا کم ہونے اور مہنگائی کے باعث ہمارا کاروبار کو کافی فرق پڑا ہے۔ جبکہ حج کی سعادت حاصل کرنے والے حجاج کرام بھی مہنگائی کے باعث احرام سمیت دیگر متعلقہ اشا کی قیمتوں میں کئی گنا اضافہ کا شکوہ کر رہے ہیں، مہنگائی بہت ہے لیکن پھر بھی وہ بہت خوشی محسوس کر رہے ہیں کہ وہ اللہ تعالیٰ کے گھر کی زیارت کرنے جا رہا ہے۔ جمعرات کے روز صباح نیوز کی ٹیم مدینہ مارکیٹ راجہ بازار راولپنڈی پہنچی جہاں سروے کے دوران حج سے متعلق سامان فروخت کرنے والے دکانداروں اور خریداروں سے بات چیت کی۔ سروے کے دوران حج سے متعلق سامان کی خریداری کیلئے مارکیٹ کا رخ کرنے والے محمد عامر نے صباح نیوز کو بتایا کہ ماضی میں وہ ہر دو سالوں کے بعد حج کے لئے جایا کرتا تھا اور آخری دفعہ وہ 2018ء میں حج کے لئے گیا اور پھر کرونا کی وجہ سے حج پر نہ جا سکا۔ اس نے بتایا کہ ہر سال کی طرح اس بار بھی احرام سمیت دیگر اشیا کی قیمتوں میں کئی گنا اضافہ ہو اہے،جس کا سارا بوجھ ہم پر پڑھ رہا ہے۔ ایک اور خریداراسد عباس نے بتایا کہ وہ اس دفعہ حج کے لئے جا رہا ہے، مہنگائی بہت ہے لیکن پھر بھی وہ بہت خوشی محسوس کر رہا ہے کہ وہ اللہ تعالیٰ کے گھر کی زیارت کرے گا،محمد ضیاء الحق نے کہا کہ مہنگائی آسمان سے باتیں کر رہی ہے، حج کی سعادت تو حاصل کر رہے ہیں مگرچیزیں بہت مہنگی ہیں، تاہم وہ حج کے لئے ضرور جائے گا۔ سروے کے دوران دکانداروں نے بھی حج سے متعلق سامان کی قیمتوں میں اضافے کا عتراف کرتے ہوئے کاروبار نہ ہونے کا شکوہ کیا ہے۔مدینہ مارکیٹ راجہ بازار میں ایک دکاندار اکرام خان نے کہا کہ حج سے متعلقہ چیزوں کی قیمتیں کافی بڑھ گئی ہیں تاہم گاہک اس کو قبول نہیں کر رہا اور وہ ہم دکانداروں کو شک کی نگاہ سے دیکھتا ہے کہ شاید ہم اسے لوٹ رہے ہیں لیکن حقیت کا اس سے کوئی تعلق نہیں،جب پڑول،ڈال سمیت ہر چیزکی قیمت بڑھ رہی ہے تو پھر ان چیزوں کے نرخ بھی بڑھ  رہے ہیں۔ سہیل خان سمیت دیگر دکانداروں نے بتایا کہ احرام کی قیمت 1000 روپے سے لے کر 1500 روپے تک ہے، ماضی کے دو سالوں میں ہمارا کاروبار بالکل ٹھپ رہا جو کہ اس دفعہ کسی حد تک بہتر ہو رہا ہے تاہم حج کوٹا کم ہونے اور مہنگائی کی وجہ سے کاروبار میں کافی فرق پڑا ہے۔ راولپنڈی میں مدینہ مارکیٹ راجہ بازار  پاکستان کی ان بڑی مارکیٹوں میں سے ایک ہے جہاںسینکڑوں کی تعداد میں دکانیں موجود ہے،جن میں صرف حج سے متعلق اشیاملتی ہیں۔  یاد رہے سعودی عرب نے اس دفعہ دس لاکھ لوگوں کو حج کرنے کی اجازت دی ہے جو کہ پچھلے سال صرف 60000 تھی جبکہ کرونا کی وبا سے پہلے 25لاکھ لوگوں کو حج کرنے کی اجازت تھی۔اس دفعہ حج کرنے کے لئے یہ شرط ہے کہ حج کرنے والے شخص کی عمر 65سال سے زیادہ نہ ہو اور کرونا کی ویکسین لگی ہو۔ پاکستان کو 81,132 حاجی کوٹہ دیا گیا ہے۔