وزیر خزانہ کا یکم جولائی سے پٹرول کی قیمتیں مزید بڑھنے کا عندیہ
اسحاق ڈار اب بھی معاشی ٹیم کا حصہ ہیں،وزیر اعظم میرے کام سے مطمئن نہیں تو مجھے تبدیل کر سکتے ہیں،مفتاح اسماعیل

اسلام آباد (  ویب نیوز )

وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے پیٹرول مزید مہنگا کرنے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ یکم جولائی سے پیٹرول کے نرخ مزید بڑھا دئیے جائیں گے،نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے مفتاح اسماعیل نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات پر لیوی لگائی جائے گی،اوگرا کی سمری آنے کے بعد وزیرعظم شہباز شریف حتمی منظوری دیں گے لیکن میں سیلز ٹیکس لگانے کے حق میں نہیں ہوں،اسحاق ڈار کی واپسی اور وزیر خزانہ کا قلمدان دیئے جانے سے متعلق سوال پر مفتاح اسماعیل نے کہا ہے ان کو عہدے پر برقراررکھنا یا نہ رکھنا وزیراعظم کی صوابدید ہے،وہ اگر کام سے مطمئن نہیں تو وزیر کو تبدیل کر سکتے ہیں،انکا کہنا تھا کہ ملکی سیاست میں یہ ہوتا رہتا ہے،وزیراعظم تو ان کے ساتھ اگلے کئی دنوں کی منصوبہ بندی کررہے ہیں لیکن مستقبل کا کسی کو پتہ نہیں ہوتا جیسے اسد عمر کے ساتھ ہوا،وزیر خزانہ نے کہا ہے کہ اسحاق ڈار حکومت کی معاشی ٹیم کا حصہ ہیں،سٹیٹ بینک کے انٹرویوز میں بھی وہ پینل میں شامل تھے۔