بجلی کا شارٹ فال 7 ہزار میگاواٹ، 16گھنٹے لوڈ شیڈنگ بدستورجاری
کراچی کے علاقے گڈاپ سٹی میں لوڈشیڈنگ 18 گھنٹے کی جا رہی ہے
لوڈشیڈنگ سے کاروبار زندگی مفلوج ہو کر رہ گیا ،پانی کی قلت پیدا ہوگئی
اسلا م آباد( ویب نیوز)
بجلی کا شارٹ فال 7 ہزار میگاواٹ ہوگیا ، لوڈ شیڈنگ بدستورجاری ہے ۔پاور ڈویژن کے مطابق ملک بھرمیں بجلی کا شارٹ فال ساڑھے 7 ہزار میگاواٹ تک پہنچ گیاجس کے باعث ملک کے مختلف علاقوں میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ بھی 16 تک جاپہنچا ہے۔تفصیلات کے مطابق گرمی کی شدت بڑھنے سے ملک میں بجلی کی قلت بھی بڑھ گئی جس کے بعد ملک بھر میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ بھی بڑھ گیا ۔پاور ڈویژن کے مطابق ملک میں توانائی بحران برقرار ہے، ملک میں بجلی کی کل طلب 29 ہزار 200میگاواٹ اور بجلی کی مجموعی پیداوار 21 ہزار 700 میگاواٹ ہے جبکہ بجلی کا شارٹ فال 7 ہزار 500 میگاواٹ تک پہنچ گیا۔ ملک کے مختلف علاقوں میں 16 گھنٹے تک لوڈشیڈنگ کی جارہی، دیہات اور زیادہ نقصانات والے علاقوں میں شارٹ فال اس سے زیادہ ہے، گرمی بڑھنے سے دن کے اوقات میں شارٹ فال میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔اس کے علاوہ کراچی کے علاقے گڈاپ سٹی میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 18 گھنٹے تک بڑھ گیاجبکہ شاہ فیصل کالونی، ملیر، سرجانی ٹائون، جہانگیر روڈ، گلستان جوہر، گارڈن، سلطان آباد، کالا پل سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں بجلی کی طویل اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے اور شہر کے اکثر علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 4 سے 14 گھنٹے تک پہنچ گیا۔دوسری جانب پنجاب کے مختلف شہروں میں بھی 6 سے8 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ جاری ہے جبکہ دیہات میں بجلی چندگھنٹے ہی آتی ہے۔ لوڈشیڈنگ سے کاروبار زندگی مفلوج ہو کر رہ گیا ،پانی کی قلت پیدا ہو گئی ۔