سیکرٹری الیکشن کمیشن محمد غضنفر نے حکومتی مشاورت کے لیے تجاویز سیکرٹری قانون کو بھجوا دی
مظفرآباد (ویب نیوز)
آزادجموں وکشمیر الیکشن کمیشن نے بلدیاتی انتخابات 20،25 اور30 اگست کو تین مراحل میں کرانے کا فیصلہ کیا ہے ۔الیکشن کمیشن آزاد جموں کشمیر نے فاضل عدالت العظمی آزاد جموں کشمیر کے فیصلہ 21 دسمبر 2021 کی تعمیل میں بلدیاتی انتخابات 2022 کے بروقت انعقاد کیلئے آزاد جموں کشمیر الیکشنز ایکٹ 2020 کی دفعہ 125 اے کی ذیلی دفعہ (3) کے تحت الیکشن شیڈول پر حکومت سے مشاورت کی نسبت تحریک کر دی ہے ۔ اس سلسلے میں سیکرٹری الیکشن کمیشن محمد غضنفر نے سیکرٹری قانون کو خط لکھ دیا ہے ۔ آزادجموں وکشمیر الیکشن کمیشن کی تجویز کے مطابق مظفرآباد ڈویژن میں 20 اگست،پونچھ میں 25 اور میرپور میں 30 اگست کوبلدیاتی انتخابات کے سلسلے میں پولنگ ہوگی۔ سیکرٹری الیکشن کمیشن محمد غضنفر کی طرف سے سیکرٹری قانون کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلہ مصدرہ 21 دسمبر 2021 کے مطابق رواں سال 31 اگست سے قبل بلدیاتی انتخابات کا انعقاد ناگزیر ہے تینوں ڈویژنز میں انتظامات اور امن و امان کی بہترین انجام دہی کے لئے لازمی ہے کہ تین مراحل میں ڈویژنل سطح پر پولنگ کا انعقاد کیا جائے جس کے لیے چیف الیکشن کمشنر نے کمیشن کی مشاورت سے20 تا 30 اگست 2022 پانچ پانچ ایام کے وقفے سے الیکشن انعقاد کی تاریخیںطے کی ہیں تاہم الیکشن ایکٹ 2020 کی دفعہ 125 اے کی ذیلی دفعہ 3 کے تحت الیکشن کمیشن حکومت کی مشاورت سے بلدیاتی انتخابات کی پولنگ کا شیڈول جاری کرے گا لہذا حکومت الیکشن کمیشن کی طرف سے جاری کردہ شیڈول پر رضامندی سے مطلع کرے تاکہ چیف الیکشن کمشنر شیڈول کا باضابطہ اعلان کریں۔