پنجاب کی5  مخصوص نشستوں پر تحریک انصاف کے ارکان کا نوٹیفکیشن جاری

الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کے تین خواتین اور دو اقلیتی ارکان اسمبلی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا

پنجاب سے حمزہ حکومت آخری دن گن رہی ہے،فواد چوہدری

اسلام آباد( ویب  نیوز)

الیکشن کمیشن نے پنجاب اسمبلی کی 5 مخصوص نشستوں سے متعلق فیصلہ سنادیا، پنجاب کی5  مخصوص نشستوں پر تحریک انصاف کے ارکان کا نوٹیفکیشن جاری ، الیکشن کمیشن نے عدالتی حکم پرتحریک انصاف کے تین خواتین اور دو اقلیتی ارکان اسمبلی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق خواتین کی مخصوص نشستوں پر بتول زین، سائرہ رضا اور فوزیہ عباس نسیم کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے جبکہ اقلیتی نشستوں پر حبکوک رفیق بابو اور سیموئیل یعقوب کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے ۔الیکشن کمیشن کے مطابق مخصوص نشستوں پر منتخب ہونے والے تمام ارکان کا تعلق تحریک انصاف سے ہے۔ واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے اپنے 25 ارکان پنجاب اسمبلی کے ڈی سیٹ ہونے کے بعد 3 خواتین اور 2 اقلیتی نشستیں پارٹی کے نئے ارکان کو دینے کا مطالبہ کیا تھا جب کہ مسلم لیگ  ن نے 20 نشستوں پرضمنی انتخاب کے بعدپارٹی پوزیشن کے تحت مخصوص نشستوں کا نوٹیفکیشن جاری کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔ تاہم الیکشن کمیشن نے معاملے ضمنی انتخابات کے بعد کرنے کا فیصلہ سنایا۔ اس معاملے پر لاہور ہائیکورٹ نے 27 جون کو پنجاب اسمبلی کی مخصوص نشستوں پر ارکان کا نوٹیفکیشن جاری کرنے کے حوالے سے تحریک انصاف کی درخواست منظور کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کو مخصوص نشستوں پرنوٹیفکیشن جاری کرنیکی ہدایت کی تھی ۔پنجاب اسمبلی میں حکومتی جماعت (ن) لیگ کے پاس 166 سیٹیں ہیں جب کہ پیپلزپارٹی کے7، تین آزاد اور ایک راہ حق پارٹی کا ووٹ بھی (ن) لیگ کے پاس ہے، اس طرح (ن) لیگ کے حکومتی اتحادکے ووٹوں کی تعداد 177 بنتی ہے۔2018کے الیکشن میں پی ٹی آئی کوپنجاب اسمبلی میں183 نشستیں ملی تھیں لیکن 25 منحرف ارکان کے ڈی سیٹ ہونے کے بعد پی ٹی آئی کی نشستیں 158 رہ گئیں۔پنجاب اسمبلی میں پی ٹی آئی کے 158 اور  مسلم لیگ ق کے 10 ارکان ملا کر اپوزیشن کے 168 ارکان بنتے ہیں تاہم اب پی ٹی آئی کو 5 مخصوص نشستیں مل جانے کے بعد اپوزیشن اتحادکی تعداد173بنتی ہے یعنی مخصوص نشستوں کے بعد بھی حکومتی اتحاد کو اپوزیشن پر 4 ووٹوں کی برتری حاصل ہے۔دوسری طرف پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر لکھا کہ ایک طویل لڑائی کے بعد تحریک انصاف کو پانچ مخصوص نشستیں بھی حاصل ہو گئی ہیں، جس کے بعد اب پی ٹی آئی اور مسلم لیگ ق کی نشستیں بڑھ کر 173 ہو گئی ہیں جبکہ نون لیگ اور پیپلز پارٹی کی نشستیں 172 ہیں، ایک راہ حق اور چار آزاد امیدوار ہیں، انشا اللہ پنجاب سے حمزہ حکومت آخری دن گن رہی ہے۔