مون سون بارشوں کے دوران حادثات، 6افراد جاں بحق درجن سے زائد زخمی
راولپنڈی، ملتان، لاہور، کراچی اور صوابی میں ہلاکتیں، زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا
اسلام آباد( ویب نیوز )
ملک کے مختلف حصوں میں ہونے والی مون سون بارشوں کے دوران مختلف حادثات اور چھتیں گرنے کے واقعات میں 6افراد جاں بحق جبکہ درجن سے زائد زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق صوبہ خیبر پختون خوا، راولپنڈی، ملتان، لاہور اور کراچی میں مون سون بارشوں نے تباہی مچادی ہے، خیبر پختون خوا کے ضلع صوابی میں مکان کی چھت گرنے سے مفرق خان نامی شخص کی ماں اور بیوی سمیت 3 بچے دب گئے، بیوی اور ایک بیٹی موقع پر جاں بحق جبکہ دو بیٹے اور ماں شدید زخمی ہوگئی۔ریسکیو 1122 ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائی کی امدادی سرگرمیوں کے دوران ملبے میں دبے جاں بحق اور زخمیوں کو نکال لیا گیا ۔ میڈیکل ٹیم نے زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر صوابی اسپتال منتقل کر دیا۔زخمیوں میں مفرق خان کی ماں اور دو بیٹے8 سالہ ایان،ایک سالہ صفیان شدید زخمی جبکہ مفرق خان کی بیوی اور 6 سالہ بیٹی موقع پر جاں بحق ہوگئے۔کراچی کے علاقے کورنگی مہران ٹاون میں کرنٹ لگنے سے ایک نوجوان جاں بحق ہوگیا، دکان میں کام کے دوران بجلی کی تار سے کرنٹ لگا جس کے باعث نوجوان موقع پر دم توڑ گیا، جس کی شناخت 25 سالہ عبدالخالق ولد عبدالماجد کے نام سے ہوئی ہے۔دوسری جانب بدین میں آسمانی بجلی گرنے سے 2افراد جاں بحق ہوگئے۔راولپنڈی میں جھنگی سیداں کے علاقے میں بارش سے بوسیدہ کمرے کی چھت گرگئی، جس کے ملبے تلے دب کر ایک شخص جاں بحق ہوگیا جبکہ دوسرے کو بچالیا گیا۔شجاع آباد میں فوجی گراؤنڈ کے قریب گھر کی بوسیدہ دیوار گرگئی جس کے ملبے تلے دب کر خواتین اور بچوں سمیت 7افراد شدید زخمی ہوگئے۔ ریسکیو کی امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں ملبے تلے دبے تمام افراد کو نکال لیا گیا جبکہ زخمیوں کو تشویشناک حالت میں سول اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔صوبائی دارالحکومت لاہور کے علاقے بھاٹی گیٹ میں شیش محل گھاٹی کے قریب کمرے کی چھت گرگئی، جس سے دو افراد ملبے تلے دب گئے، جنہیں فوری امدادی کارروائی کرکے زندہ نکال کر طبی امداد کے لئے میو اسپتال منتقل کردیا گیا۔زخمی ہونے والوں میں ایک مرد اور خاتون شامل ہیں، جن کی شناخت 64 سالہ غزالہ اور 30 سالہ عمر کے نام سے ہوئی ہے، زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔بلوچستان کے علاقے ہوشاب میں شدید بارشوں کے بعد برساتی نالے میں طغیانی آنے سے 4افراد پھنس گئے، جنہیں ہیلی کاپٹر کی مدد سے نکال کر محفوظ مقام پر منتقل کردیا گیاہے۔دریں اثناء محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارشوں کا سلسلہ 12جولائی تک جاری رہے گا۔ اسلام آباد ،پشاور، گوجرانوالہ میں نشیبی علاقے زیرآب جبکہ راولپنڈی اور کشمیر کے ندی نالوں میں طغیانی اور کشمیر ،مری ،گلگت ،ہنزہ میں لینڈ سلائنڈنگ کا خدشہ ظاہر کر دیا