مون سون بارشوں سے کراچی کی صورتحال مزید خراب ہوگئی
سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں،سرکاری مشینری اور انتظامیہ صورتحال کنٹرول کرنے میں ناکام

کراچی ( ویب نیوز )مون سون بارشوں سے کراچی کی صورتحال مزید خراب ہوگئی،سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں،سرکاری مشینری اور انتظامیہ صورتحال کنٹرول کرنے میں ناکام۔تفصیلات کے مطابق شہر کے مختلف علاقوں سعید آباد،حب ریور روڈ،سرجانی ٹاؤن، نارتھ کراچی، کورنگی انڈسٹریل ایریا،کازوے روڈ زیر آب آ جانے کے باعث شہریوں کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا ہے۔شہریوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ بارشوں کے باعث گلیوں،سڑکوں کے ساتھ ساتھ اب گھروں میں بھی پانی داخل ہوچکا ہے اور اس وقت شہری دوہری اذیت سے دوچار ہیں کیوں کہ عید الاضحی سر پر ہے اور شہریوں نے قربانی کی غرض سے مویشی بھی خریدے ہوئے ہیں لیکن اس وقت شدید اور موسلادھار بارشوں کے نہ رکنے والے سلسلے کے سبب جانوروں کی دیکھ بھال کرنے میں بھی سخت مشکلات کا سامنا ہے۔پلوں کے نیچے اور اوور ہیڈکے ساتھ جانور باندھ کر دن رات حفاظت کر رہے ہیں اور اس وقت کوئی گلی کوئی سڑک ایسی نہیں ہیں جہاں پر سیوریج کا پانی نہ جمع ہو یا پھرکیچڑ نہ بنی ہوئی ہو،شہر کی صورتحال نے ہماری پریشانی میں اضافہ کردیا ہے کہ قر بانی کہاں جا کر کریں،ہر طرف گندگی کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں۔شہریوں کا مزید کہنا تھا کہ حکومت کو ایک ماہ پہلے سے بارشو ں کا پتا تھا،مگر اس سلسلے میں کوئی پیشگی اقدامات نہیں کیے گئے،برساتی نالے اور فلو ہونے کی وجہ سے سیوریج کا پانی بھی گھروں میں داخل ہو رہا ہے۔شہری اپنی مدد آپ کے تحت گھروں اور گلیوں سے پانی کی نکاسی کرنے میں مصروف ہیں، شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری ہنگامی بنیادوں پر پانی کی نکاسی کے لیے اقدامات کیے جائیں۔

شہر قائد میں کل سے اب تک بارش کے دوران کرنٹ لگنے سمیت مختلف حادثات میں 9 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ بلوچستان میں 7 افراد خالق حقیقی سے جاملے۔تفصیلات کے مطابق گارڈن شو مارکیٹ میں کرنٹ لگنے سے 20 سالہ نوجوان جاں بحق جبکہ منگھوپیر میں کرنٹ لگنے 23 سالہ رقیب جان کی بازی ہار گیا۔لانڈھی مانسہرہ کالونی میں گھر میں کرنٹ لگنے سے 38 سالہ خاتون کی موت واقع ہوئی اور نارتھ کراچی ارسلان ہومز میں گھر میں کرنٹ لگنے سے ایک بچے نے نوقع پر ہی دم توڑ دیا۔اس کے علاوہ کورنگی 100 کواٹرز کے قریب گھر میں کرنٹ لگنے سے عمر رسیدہ شخص جاں بحق ہوا اور محمد علی سوسائٹی میں پیٹرول پمپ کے قریب کرنٹ لگنے سے لڑکے کی موت واقع ہوئی۔ذرائع کے مطابق گڈاپ کے نشیبی علاقے میں بارش کے بعد سیلابی ریلے میں باپ بیٹا بہہ گئے تھے، بیٹے کی لاش نکال لی گئی جبکہ باپ کی تلاش جاری ہے۔دوسری جانب بلوچستان میں گزشتہ24گھنٹے کے دوران مزید 7 افراد بارش کی وجہ سے جاں بحق ہوئے، ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق یکم جون سے اب تک بلوچستان میں بارشوں سے56افرادجاں بحق ہوئے۔ترجمان پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ جاں بحق ہونے والوں میں 10مرد، 22خواتین اور24بچے شامل ہیں، بارشوں کے باعث مختلف حادثات میں 48 افراد زخمی ہوئے۔بارشوں سے 670 مکانات کو نقصان پہنچا ہے، کوئٹہ، لورالائی، سبی، ہرنائی، دکی، کوہلو، بارکھان، ڑوب کے علاقے بارش سے زیادہ متاثر ہوئے۔#