امریکا ،بھارت سمیت کئی ممالک میں کورونا کی نئی قسم سامنے آگئی

اومی کرون بی اے 2.75  تیزی سے پھیلنے لگا ، سائنسدان پریشان

اسلام آباد / نئی دہلی (ویب نیوز)

بھارت اور امریکا سمیت کئی ممالک میں کورونا وائرس کی ایک قسم سامنے آگئی، جس نے سائنسدانوں کو پریشان کردیاہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت اور امریکا سمیت مختلف ریاستوں میں اومی کرون کی نئی قسم بی اے 2.75 رپورٹ ہوئی ہے اور یہ وائرس تیزی سے پھیلتا دکھائی دے رہا ہے۔امریکی ریاست منیسوٹا میں مایو کلینک کے کلینیکل وائرولوجی کے ڈائریکٹر میتھیو بیننکر کا کہنا ہے کہ وائرس کے پھیلنے کی شرح سے معلوم ہوتا ہے کہ یہ تیزی سے پھیل رہا ہے، فی الحال کسی حتمی نتیجے پر پہنچنا قبل از وقت ہوگا۔انہوں نے کہا اومی کرون وائرس کی نئی قسم آسٹریلیا، جرمنی، برطانیہ اور کینیڈا سمیت دس ممالک میں سامنے آیا ہے۔ حالیہ دنوں میں کورونا کی اسی قسم کے تین کیسز امریکہ میں رپورٹ ہوئے تھے۔

پاکستان میں کورونا وائرس کی شرح 5 فیصد سے بڑھ گئی

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کا ایک مریض انتقال کرگیا

چارہزار 674 ٹیسٹ کیے گئے جن میں 255 نئے مثبت کیسز رپورٹ ہوئے

پاکستان میں کورونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح 5 فیصد سے تجاوز کرگئی ہے ۔قومی ادارہ صحت (این آئی ایچ)کے مطابق ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کا ایک مریض انتقال کرگیا اور مثبت کیسز کی شرح 5.46 ریکارڈ ہوئی۔این آئی ایچ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 4 ہزار 674 ٹیسٹ کیے گئے جس میں 255 نئے مثبت کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ 141 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔کورونا کے سب سے زیادہ مثبت کیسز کراچی سے رپورٹ ہوئے جن کی تعداد 161 تھی جبکہ دیگر شہروں میں لاہور سے 39، اسلام آباد سے 14، پشاور سے 7 جبکہ حیدرآباد سے 3 افراد میں کوویڈ پایا گیا۔