اسلام آباد (ویب نیوز)

پیٹرولیم ڈیلز ایسوسی ایشن نے حکومت کے ساتھ ہونے والے مذاکرات میں پیشرفت نہ ہونے کے بعد 18 جولائی سے ملک بھر میں پمپس بند کرنے کے فیصلے پر قائم رہنے کا اعلان کردیا۔ پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن اور حکومتی کمیٹی کے درمیان مذاکرات ہوئے، جس میں وفاقی وزیر پیٹرولیم، چیئرمین اوگرا اور سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی موجود تھے۔مذاکرات میں ایک بار پھر پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے ٹیکس کے حوالے سے اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے اسے ختم کرنے کا مطالبہ کیا جس پر حکومتی نمائندوں نے فوری جواب دینے سے انکار کیا۔بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عبد السمیع خان نے بتایا کہ مذاکرات میں ڈیڈلاک برقرار ہے تاہم شاہد خاقان عباسی کی حکومتی کمیٹی میں شمولیت ہمارے لیے خوش آئند ہے۔انہوں نے کہا کہ مذاکرات میں ہم نے اپنے اخراجات اور آمدنی کا گوشوارہ حکومت کو پیش کردیا ہے، حکومت حالات سے باخبر ہے  اور ہمارے مطالبات بھی جائز ہیں جنہیں قبول کرنا ہوگا۔عبد السمیع خان نے کہا کہ حکومت آرڈینس جاری کرے یا مثبت پیش رفت کرے تو بات آگے بڑھ سکتی ہے، ہم پرامید ہیں کہ جائز مطالبات کی سنوائی ہوگئی، جب تک کوئی نوٹی فکیشن جاری نہیں ہوتا ہم 18 جولائی سے پمپس بند کرنے کی کال واپس نہیں لے سکے۔انہوں نے کہا کہ 18 جولائی سے پیٹرول پمپس کی ہڑتال اعلان کے مطابق ہوگی۔