دل کے آپریشن کیلئے صحت کارڈ میں 2لاکھ 80ہزار روپے مختص ہیں، امراض قلب کے علاج کیلئے رقم بڑھائی جائے،ڈاکٹراعظم
پشاور (ویب نیوز)
پشاور کے تمام بڑے نجی ہسپتالوں میں صحت کارڈ پر ہونے والے دل کے آپریشنز بند کر دیئے گئے، مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ایسوسی ایشن آف کارڈیو سرجن کے چیئرمین ڈاکٹر اعظم جان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نجی ہسپتالوں میں دل کے آپریشن بند کردیئے۔ڈاکٹر اعظم جان نے کہا کہ ڈالر مہنگا ہونے سے دل کی سرجری کے آلات مہنگے ہوگئے ہیں، اوپن ہارٹ سرجری پر 5 سے 6 لاکھ روپے کا خرچ آتا ہے۔انہوں نے بتایا کہ دل کے آپریشن کے لیے صحت کارڈ میں 2 لاکھ 80 ہزار روپے مختص ہیں، صحت کارڈ میں امراض قلب کے علاج کیلئے مختص رقم بڑھائی جائے۔دوسری جانب ڈائریکٹر صحت سہولت پروگرام ڈاکٹر محمد ریاض تنولی نے بتایا کہ ہسپتالوں میں امراض قلب کے آپریشن ہو رہے ہیں۔ڈاکٹر ریاض تنولی کے مطابق ڈاکٹرز کی فیسوں کا مسئلہ ہے جلد حل کرلیا جائے گا۔