وزیراعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس،ڈالرز کے ریٹ میں حالیہ اضافے بارے بریفنگ
آئندہ مہینے پاکستانی روپیہ امریکی ڈالر کے مقابلے میں مستحکم ہوجائے گا، اقتصادی ترقی کی شرح بہتر رہے گی،مفتاح اسماعیل کی بریفنگ
کابینہ نے آفتاب سلطان کی بطور چیئرمین نیب تعیناتی،پاک ترکیہ ٹریڈ اِن گڈز معاہدے اور افغان حکومت کو فنڈز کی منتقلی کی منظوری د ے دی،اعلامیہ
اسلام آباد (ویب نیوز)
وزیراعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس،ڈالرز کے ریٹ میں حالیہ اضافے بارے بریفنگ دی گئی،مفتاح اسماعیل نے بتایا کہ آئندہ مہینے پاکستانی روپیہ امریکی ڈالر کے مقابلے میں مستحکم ہوجائے گا، اقتصادی ترقی کی شرح بہتر رہے گی،کابینہ نے آفتاب سلطان کی بطور چیئرمین نیب تعیناتی،پاک ترکیہ ٹریڈ اِن گڈز معاہدے اور افغان حکومت کو فنڈز کی منتقلی کی منظوری د ے دی۔ وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا، وزیراعظم نے لاہور سے ویڈیو لنک کے ذریعے کابینہ اجلاس کی صدارت کی۔ وزیراعظم نے تمام کابینہ ممبران کو خوش آمدید کہا۔ اجلاس کے دوران وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے وفاقی کابینہ کو امریکی ڈالرز کے ریٹ میں حالیہ اضافے کے بارے میں بریفنگ دی۔ وفاقی وزیر خزانہ نے بتایا کہ امریکی ڈالر کی قیمت کو کم کرنے اور پاکستانی روپے کی قدر میں استحکام کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جارہے ہیں اور آئندہ مہینے پاکستانی روپیہ امریکی ڈالر کے مقابلے میں مستحکم ہوجائے گا۔ وزیرخزانہ نے مزید کہا کہ رواں مالی سال گزشتہ سال کی نسبت ملک میں اقتصادی ترقی کی شرح بہتر رہے گی کیونکہ موجودہ حکومت نے پیداواری شعبے بشمول زراعت کے شعبے کو تاریخی ٹیکس مراعات دی ہیں جن کے نتیجے میں صنعتی پیداوار میں خاطر خواہ اضافہ اور زراعت کے شعبے کی ترقی یقینی بنائی جا رہی ہے، ان اقدامات سے مقامی پیداوار کی بدولت در آمدات میں کمی، روزگار میں اضافہ اور بر آمدات میں بھی خاطر خواہ اضافہ متوقع ہے۔ اعلامیہ کے مطابق وفاقی کابینہ نے آفتاب سلطان کی بطور چیئرمین قومی احتساب بیورو (نیب)تعیناتی کی منظوری دی۔ کابینہ کو بتایا گیا کہ چیئرمین نیب کی تقرری کی مدت 3 سال کردی گئی ہے جس کی معیاد بڑھائی نہیں جاسکتی۔ چیئرمین نیب کی تعیناتی قومی اسمبلی میں لیڈر آف ہاوس اور لیڈر آف اپوزیشن کی مشاورت سے کی جاتی ہے۔ وفاقی کابینہ نے وزارتِ تجارت کی سفارش پرافغان ٹرانزٹ ٹریڈ کے لیے ملٹی ماڈل ایئر- روڈ کوریڈور کی منظوری دے دی۔وفاقی کابینہ نے وزراتِ تجارت کی سفار ش پر پاکستان اور ترکی کے مابین ٹریڈ اِن گڈز معاہدے پر دستخط کرنے کی منظوری دے دی۔ پاکستان اور ترکی نے وزیراعظم کے حالیہ دورہ ترکی کے دوران اس معاہدہ پر دستخط کرنے کا اعلان کیا تھا۔ اس معاہدے کے ذریعے پاکستان اور ترکی کو ایک دوسرے کی سروسز اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں بہتر رسائی ملے گی۔ ترکی کی طرف سے پاکستان کو 261 ٹیرف لائنز پر رعایت فراہم کی جائے گی جس میں 123 اشیا پر فوری طور پر زیرو ریٹنگ بھی شامل ہے جبکہ پاکستان کی طرف سے ترکی کو 130 ٹیرف لائنز پر رعایت کی پیش کش کی گئی ہے،ان اشیا میں 8 بڑے شعبوں کی مصنوعات جن میں زراعت، کیمیکل، چمڑے، پلاسٹک، ربڑ، انجینئرنگ اور دھاتی صنعتوں کی مصنوعات شامل ہیں۔ معاہدے سے پاکستان اور ترکی کے مابین کے دو طرفہ تجارت کا حجم بڑھ کر 5 ارب ڈالر تک پہنچ جائے گا، اجلاس میں وزیراعظم شہباز شریف نے اس معاہدے کے حوالے سے وزراتِ تجارت کی کوششوں کو سراہا۔اعلامیہ کے مطابق وفاقی کابینہ نے افغانستان میں پاکستانی ہسپتالوں کے آپریشنز، دیکھ بھال، سامان کی فراہمی اور سٹاف کی تنخواہوں کے حوالے سے افغانستان کی حکومت کو فنڈز کی منتقلی کی منظوری دے دی۔ وفاقی کابینہ نے وزارتِ بین الصوبائی رابطہ کی سفارش پر چیئرمین فیڈرل لینڈز کمیشن بابر یعقوب فتح محمد کا استعفی منظور کرنے کی منظوری دے دی، نئے چیئرمین فیڈرل لینڈز کمیشن کی تعیناتی کا فیصلہ کابینہ کمیٹی کرے گی۔ وفاقی کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 20 جولائی 2022 کو منعقد ہونے والے اجلاس میں کئے گئے فیصلوں کی توثیق کردی۔کابینہ کو اس حوالے سے مزید بتایا گیا کہ یوریا اور گندم کی شفاف طریقے سے خریداری کو یقینی بناتی ہوئے اس بات کا خاص خیال رکھا گیا کہ بہترین معیار کو کم ترین قیمت پر خریدا جا سکے، اس حوالے سے متعلقہ حکام نے مہنگے ٹینڈرز کو بروقت مسترد کرکے کم قیمت ٹینڈرز کو بروقت یقینی بنایا۔ اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ کابینہ نے چائینز فرم سے یوریا کی 100 امریکی ڈالرز فی ٹن کم قیمت پر درآمد کے حوالے سے وفاقی وزیر برائے تجارت، وفاقی وزیر برائے نیشنل فوڈ سیکورٹی، وفاقی سیکرٹری تجارت اور وفاقی سیکرٹری برائے نیشنل فوڈ سیکورٹی کی کوششوں کو سراہا۔ کابینہ نے گندم کی خریداری کے حوالے سے طلب کی گئی قیمت سے 36 امریکی ڈالرز فی ٹن کم قیمت پر ٹینڈر کے عمل کو جلد از جلد نمٹانے پر وزارتِ نیشنل فوڈ سیکورٹی کی ٹیم کی تعریف کی۔ وفاقی کابینہ نے کابینہ کمیٹی برائے ڈسپوزل اف لیجسلیٹو کیسز کے 20 جولائی 2022کے ہونے والے اجلاس میں کئے گء فیصلے کی توثیق بھی کردی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے لیے تجویز کیے گئے ناموں پر کابینہ کمیٹی بنانے کی ہدایت کردی جو کہ ان ناموں پر غور کرنے کے بعد اپنی رپورٹ وفاقی کابینہ کو پیش کرے گی۔