شمالی وزیرستان میں سیکورٹی فورسز کی کارروائیاں،3 دہشتگرد ہلاک
دو مختلف کارروائیوں میں زخمی اہم کمانڈر سمیت متعدد دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا ،آئی ایس پی آر
تمام دہشت گرد سیکورٹی فورسز کے خلاف دہشتگردی کی کارروائیوں، بھتہ خوری اور شہریوں کے قتل میں سرگرم رہے
دہشت گردوں کا تعلق حافظ گل بہادر گروپ سے تھا، قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور آئی ای ڈیز بھی برآمد
راولپنڈی(ویب نیوز)شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کی دو مختلف کارروائیوں میں 3 دہشت گرد ہلاک ہوئے جب کہ اہم کمانڈر سمیت متعدد دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا گیا۔ تمام دہشت گرد سیکورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں، بھتہ خوری اور شہریوں کے قتل میں سرگرم رہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے مختلف علاقوں میں 2 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے۔ شمالی وزیرستان میں کیے گئے پہلے آپریشن میں ایک ہائی ویلیو دہشت گرد کمانڈر کو زخمی حالت میں دیگر دہشت گردوں کے ساتھ گرفتار کیا گیا جب کہ سیکیورٹی فورسز کی دوسری کارروائی میں 3 دہشت گرد مارے گئے۔آئی ایس پی آر نے بتایا کہ دہشت گردوں کے قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور آئی ای ڈیز بھی برآمد کر لی گئی ہیں جب کہ سیکیورٹی فورسز کی کارروائی کے دوران ہلاک ہونے والے اور گرفتار ہونے والے تمام دہشت گردوں کا تعلق حافظ گل بہادر گروپ سے تھا۔ ترجمان پاک فوج کے مطابق ہلاک ہونے والے تمام دہشت گرد سیکورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں، بھتہ خوری اور معصوم شہریوں کے قتل میں سرگرم رہے ،گرفتار دہشت گرد بھی اسی قسم کی کارروائیوں میں مطلوب تھے۔