اسلام آباد (ویب نیوز)

سپریم کورٹ آف پاکستان نے متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیوایم) کی سندھ میں بلدیاتی انتخابات روکنے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے صوبائی حکومت سے 4 اگست تک جواب طلب کر لیا۔چیف جسٹس عمر عطاء بندیال کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے ایم کیو ایم کی بلدیاتی انتخابات روکنے سے متعلق درخواست پر سماعت کی۔ دوران سماعت وکیل ایم کیو ایم فروغ نسیم نے کہا کہ وفاقی حکومت کو جواب جمع کروانے کا کہہ دیں، چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ وفاقی حکومت چاہے تو جواب جمع کرا دے۔ایڈووکیٹ جنرل نے عدالت سے استدعا کی کہ سندھ حکومت کو تحریری جواب جمع کروانے کے لیے دو ہفتوں کا وقت دیا جائے، جس پر عدالت نے سندھ حکومت کو دو ہفتوں کی مہلت دینے سے انکار کر دیا۔ایم کیو ایم کے وکیل فروغ نسیم نے کہا کہ 27اگست کو لوکل باڈیز الیکشن ہے، دو ہفتوں کا وقت دیا گیا پھر سندھ حکومت کہے گی کہ پولنگ قریب ہے۔عدالت نے 4 اگست تک سندھ حکومت کو جواب جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔