مادروطن کایوم آزادی کل اتوارکوشایان شان طریقے سے منا یا جائے گا،تیاریاں عروج پر
دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں اکتیس اور صوبائی دارالحکومتوں میں اکیس اکیس توپوں کی سلامی سے ہو گا
مساجد میں نماز فجر کے بعد ملک کی خوش حالی یک جہتی اور امن کیلئے خصوصی دعائیں کی جائیں گی
اسلا م آباد( ویب نیوز)
مادر وطن کا یوم آزادی کل اتوار کو شایان شان طریقے سے منانے کیلئے تیاریاں عروج پر پہنچ گئی ہیں۔دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں اکتیس اور صوبائی دارالحکومتوں میں اکیس اکیس توپوں کی سلامی سے ہو گا۔مساجد میں نماز فجر کے بعد ملک کی خوش حالی یک جہتی اور امن کیلئے خصوصی دعائیں کی جائیں گی ۔ مختلف سرکاری اور نجی محکمے خصوصی تقریبات اور سرگرمیوں کا اہتمام کریں گے جن میں تحریک پاکستان کی قیادت اور قومی ہیروز کی قربانیوں کو اجاگر کیا جائے گا۔عمارتوں کو قومی پرچموں جھنڈیوں اور قمقموں سے سجایا جا رہا ہے۔ لوگوں نے اپنی گاڑیوں اور گھروں کی چھتوں پر قومی پرچم لگائے ہیں۔ معروف سڑکوں کے کنارے اور ملک بھرمیں ایسے سٹال لگائے گئے ہیں جن میں بچوں کیلئے سبز اور سفید لباس ٹوپیاں قومی پرچم اور جھنڈیاں رکھی گئی ہیں۔ پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا اس دن کے موقع پر تحریک پاکستان کے ہیروز کی خدمات کو اجاگر کریں گے اور پاکستان کو ایک حقیقت بنانے کیلئے ان کے غیر معمولی کردار کو خراج عقیدت پیش کیا جائے گا۔ وزیراعظم شہباز شریف کل چودہ اگست کو ہونے والی پرچم کشائی کی تقریب کے موقع پر قومی ترانے کی دوبارہ ریکارڈنگ کا سرکاری طور پر اجرا کریں گے۔وزیراعظم کی ہدایات پر وزارت اطلاعات و نشریات نے یوم آزادی کے موقع پر متعدد تقریبات اور سرگرمیوں کا اہتمام کیا ہے۔ ڈائمند جوبلی تقریبات کے ذریعے ملک کی سماجی اقتصادی ٹیکنالوجی اور ٹرانزٹ سسٹم سمیت دیگر شعبوں میں کامیابیوں کو پیش کیا جائے گا۔