سپریم کورٹ میں قانونی شکست کے بعد تحریک انصاف میں دھڑے بندی اور گروپنگ عروج پر

شیر افضل مروت اور سیکرٹری انفارمیشن پی ٹی آئی رؤف حسن کے درمیان اختلافات شدت اختیار کر گئے

رؤف حسن نے عمران خان مخالف صحافیوں کو ٹکٹ دلوائے، پی ٹی آئی اور جے یو آئی شیرانی گروپ الائنس ختم کروایا،شیر افضل مروت

رؤف حسن سازشی ہے اور اکثر پارٹی میں دراڑیں ڈالنے میں مصروف رہتا ہے، اس نے الیکٹرانک میڈیا پر چند بار میرے خلاف بات کی

رؤف حسن نے میری بانی پی ٹی آئی کے ساتھ ملاقات سے اختلاف کیا،اس پرانے شیطان نے سندھ کی کامیاب مہم کو کمزور کرنے کے لیے یہ مہم شروع کی ہے

اسلام آباد(  ویب  نیوز)

پاکستان تحریک انصاف سپریم کورٹ میں قانونی شکست کے بعد مزید انتشار کا شکار ہوگئی، پارٹی میں مرکزی قیادت کا فقدان ہے جبکہ دھڑے بندی اور گروپنگ عروج پر ہے۔ شیر افضل مروت کھل کر مرکزی قیادت کے سامنے آ گئے۔ ایک ویڈیو میں انہوں نے صدر عارف علوی کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور صدر عارف علوی کے بیٹے کو پارٹی ٹکٹ جاری کرنے کی بھی مخالفت کی۔ شیر افضل مروت اور سیکرٹری انفارمیشن پی ٹی آئی رؤف حسن کے درمیان اختلافات شدت اختیار کر گئے۔ گزشتہ روز ایک پروگرام میں رف حسن نے شیر افضل مروت کی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات پر تشویش کا اظہار کیا جس پر شیر افضل نے ٹویٹ میں کھل کر رؤف حسن کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ شیر افضل مروت نے الزام لگایا کہ رؤف حسن نے عمران خان مخالف صحافیوں کو ٹکٹ دلوائے، پی ٹی آئی اور جے یو آئی شیرانی گروپ الائنس ختم کروایا، یہ ایک سازشی ہے اور اکثر پارٹی میں دراڑیں ڈالنے میں مصروف رہتا ہے، اس نے الیکٹرانک میڈیا پر چند بار میرے خلاف بات کی، میری  بانی پی ٹی آئی کے ساتھ 13 جنوری کی ملاقات سے اختلاف کیا۔ شیر افضل نے کہا کہ یہ ملاقات خان کی اہلیہ، ان کی بہنوں، اعجاز بٹر اور نعیم حیدر ایڈووکیٹ سمیت نصف درجن وکلا کی موجودگی میں ہوئی تھی، اس پرانے شیطان نے سندھ کی کامیاب مہم کو کمزور کرنے کے لیے یہ مہم شروع کی ہے۔ ذرائع کے مطابق شیر افضل مروت کے اس بیان کے بعد پی ٹی آئی میں ہلچل مچ گئی۔