وزارت داخلہ نے اے آر وائی نیوز کا این او سی منسوخ کر دیا

اسلام آباد(  ویب نیوز)

وفاقی وزارت داخلہ نے نجی ٹی وی چینل اے آر وائی نیوز کا نو آبجیکشن سرٹیفکیٹ(این او سی) منسوخ کردیا جبکہ چینل کی انتظامیہ نے حکومتی اقدام کی مذمت کی ہے۔ وفاقی وزارت داخلہ سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ اے آر وائی کمیونیکیشنز پرائیویٹ لمیٹڈ (اے آر وائی)نیوز کو جاری این او سی منسوخ کردیا گیا ہے اور اس پر فوری عمل درآمد ہوگا۔ اس ضمن میں بتایا گیا کہ ایجنسیوں کی جانب سے اس کے برعکس رپورٹس کی بنیاد پر مزید احکامات تک عمل درآمد ہوگا۔ چینل نے ردعمل میں کہا کہ یہ صحافی برادری کے خلاف ایک نیا قدم ہے اور یہ بغیر کسی نوٹس کے کیا گیا ہے۔چینل کی انتظامیہ نے مزید بتایا کہ انتظامیہ چینل کی نشریات معطل کرنے کے اقدام کی مذمت کرتی ہے، وفاقی حکومت چینل کو نشانہ بنا رہی ہے۔واضح  رہے کہ دو روز قبل سندھ ہائی کورٹ نے پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی((پیمرا)کی جانب سے نیوز چینل کو جاری کیے گئے شوکاز نوٹس کا جواب دینے کی مدت میں 15 اگست تک کی توسیع کرتے ہوئے اے آر وائی نیوز کو کیبل میں بحال کرنے کا حکم دے دیا تھا۔