سعودی عرب کا 3 ارب ڈالر سیف ڈپازٹ کی مدت میں دسمبر 2023 تک مزید توسیع کا فیصلہ
3 ارب ڈالر کے سیف ڈیپازٹ پر 3 فیصد سود بھی ادا کیا جائے گا، پاکستان کو ڈیفالٹ کا خطرہ ہوا تو رقم فوری واپس کرنا ہو گی، ذرائع وزارت خزانہ
سعودی عرب کے ساتھ ایک سالہ توسیع کا معاہدہ جلد طے پا جائے گا، ماہانہ 10 کروڑ ڈالر کا ادھار تیل بھی فراہم کرے گا، عائشہ غوث پاشا
اسلام آباد (ویب نیوز)
سعودی عرب نے پاکستان کے لیے 3 ارب ڈالر سیف ڈپازٹ کی مدت میںدسمبر 2023 تک مزید توسیع کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں وزارت خزانہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ 3ارب ڈالر کے سیف ڈیپازٹ پر 3فیصد سود بھی ادا کیا جائے گا جبکہ پاکستان کو ڈیفالٹ کا خطرہ ہوا تو رقم فوری واپس کرنا ہو گی۔تین ارب ڈالر سیف ڈپازٹ کی مدت میں توسیع دسمبر 2023 تک کیے جانے کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق سیف ڈپازٹ کی مد میں رکھی گئی رقم کو استعمال بھی نہیں کیا جا سکے گا۔وزیر مملکت برائے خزانہ عائشہ غوث پاشا نے گفتگو میں بتایا کہ سعودی عرب کے ساتھ ایک سالہ توسیع کا معاہدہ جلد طے پا جائے گا۔ وزیر مملکت کے مطابق سعودی عرب ماہانہ 10 کروڑ ڈالر کا ادھار تیل بھی فراہم کرے گا۔انہوں نے بتایا کہ سعودی عرب سے 10 ماہ میں 1 ارب ڈالر کا موخر ادائیگیوں پر تیل ملے گا، پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان برادرانہ تعلقات ہیں۔واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی پیر کوہی سعودی ولی عہد سے ٹیلی فونک گفتگو ہوئی، جس میں دونوں رہنمائوں نے باہمی دلچسپی کے امور اور دونوں ممالک کے مابین کئی شعبوں میں تعاون کے عزم کا اعادہ کیا۔سعودی ولی عہد نے پاکستانی قوم کو جشن آزادی کی مبارک باد بھی پیش کی جب کہ انہوں نے وزیراعظم کی جانب سے دورہ پاکستان کی دعوت بھی قبول کی۔