بھارت کشمیری عوام کی خواہشات کو توڑنے یا عالمی برادری کو گمراہ کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکے گا
اسلام آباد (ویب نیوز)
پاکستان نے بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں انتخابات سے قبل دھاندلی اور خفیہ سازباز کی دانستہ بھارتی کوششوں کو یکسر مسترد کر دیا ہے۔ جمعہ کے روز ایک بیان میں دفتر خارجہ کے ترجمان عاصم افتخار نے کہا کہ مقبوضہ علاقے میں عارضی رہائشوں کو بطور ووٹرز رجسٹر کرنے کی اجازت دینے کا حالیہ اعلان بھارت کے دھوکہ دہی پر مبنی منصوبے کا واضح اظہار ہے جس کے ذریعے وہ مقبوضہ کشمیر کے نام نہاد انتخابات کے نتائج پر اثر انداز ہو رہا ہے۔ترجمان نے بھارت کے ان اقدامات کو مکمل طور پر مسترد کر دیا ہے جس کا مقصد بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں مسلمان اکثریت کو اقلیت میں بدلنا ہے۔ترجمان نے کہا کہ 5 اگست 2019 کے بعد غیر قانونی اور یکطرفہ مذموم اقدامات کے باوجود بھارت کشمیری عوام کی قوتِ ارادی کو توڑنے میں کامیاب نہیں ہو گا اور نہ ہی اقوام عالم کو گمراہ کر سکے گا۔ ترجمان نے کہ پاکستان ہندوستان کے ان تمام اقدامات کو مکمل طور پر مسترد کرتا ہے جس کا مقصد جموں وکشمیر میں مسلم اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کرنا ہے – جس میں نام نہاد ‘حد بندی کمیشن کی تشکیل اور اس کی بے بنیاد رپورٹ، جعلی کشمیری ڈومیسائل کا اجرا شامل ہے۔۔ 5 اگست 2019 کے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات کے باوجود بھارت کشمیری عوام کی خواہشات کو توڑنے یا عالمی برادری کو گمراہ کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکے گا۔بھارتی حکومت کو جموں وکشمیر میں ایسے تمام اقدامات سے باز آنا چاہیے جو بین الاقوامی قانون، اقوام متحدہ کے چارٹر، اور چوتھے جنیوا کنونشن کی خلاف ورزی کرتے ہیں۔ بھارت کو حراست میں لیے گئے تمام سیاسی قیدیوں کو بھی رہا کرنا چاہیے، جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو روکنا چاہیے، وحشیانہ فوجی محاصرہ ختم کرنا چاہیے، اور کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق اپنے جائز حق خود ارادیت کا استعمال کرنے دینا چاہیے۔ ” پاکستان عالمی برادری سے بھی مطالبہ کرتا ہے کہ جموں وکشمیر میں غیر قانونی آبادیاتی تبدیلیوں کو متاثر کرنے کیبھارتی کوششوں کا فوری نوٹس لے اور بھارت کو جوابدہ کرے۔