بھارت نے تحریک حریت جموں وکشمیر کو غیر قانونی تنظیم قرار دے دیا

تنظیم جموں و کشمیر کو بھارت سے الگ کرنے اور اسلامی حکمرانی قائم کرنے کی ممنوعہ سرگرمیوں میں ملوث ہے،بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ

گروپ جموں و کشمیر میں علیحدگی پسندی کو ہوا دینے کیلئے بھارت مخالف پروپیگنڈااور دہشت گردی کی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہے، ٹویٹ

سرینگر( ویب  نیوز)

بھارت نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھا م کے کالے قانون یو اے پی اے کے تحت تحریک حریت جموں وکشمیر کو غیر قانونی تنظیم قرار دے دیا۔بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ یہ تنظیم جموں و کشمیر کو بھارت سے الگ کرنے اور اسلامی حکمرانی قائم کرنے کی ممنوعہ سرگرمیوں میں ملوث ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ گروپ جموں و کشمیر میں علیحدگی پسندی کو ہوا دینے کے لیے بھارت مخالف پروپیگنڈااور دہشت گردی کی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔امیت شاہ نے اپنے بیان کہا کہ دہشت گردی کے خلاف وزیر اعظم مودی کی زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کوئی بھی فرد یا تنظیم جو بھارت مخالف سرگرمیوں میں ملوث پایا جائے گا، اسے فوری طور پرروکا جائے گا۔واضح رہے قابض حکام تحریک آزادی کشمیر کو دبانے کے لئے جماعت اسلامی مقبوضہ جموں وکشمیر ، جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ، جموں وکشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی اورمسلم لیگ جموں وکشمیر پر پہلے ہی پابندی عائد کرچکے ہیں۔