ڈینگی ریڈ زون کے علاقوں میں متاثرہ مریضوں کی تعداد 60 تک پہنچ چکی ہے،ضلعی انتظامیہ
کمشنر راولپنڈی کے حکم پر موبائل لیبارٹریز متاثرہ علاقوں میں پہنچا دی گئیں، اسسٹنٹ کمشنر آفس کا کیمپ آفس بھی قائم
راولپنڈی (ویب نیوز)
راولپنڈی میں ڈینگی مچھر کے حملوں میں اضافے کے بعد ضلعی انتظامیہ نے 3 علاقوں کو ریڈ زون قرار دے دیا۔ ذرائع کے مطابق راولپنڈی میں ڈینگی مچھر کے حملوں پر قابو پانے کے لیے ضلعی انتظامیہ نے گرجا روڈ، چک جلادین اور ڈویری کو ڈینگی ریڈ زون قرار دے دیا۔ ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ راولپنڈی کے ڈینگی ریڈ زون کے علاقوں میں متاثرہ مریضوں کی تعداد 60 تک پہنچ چکی ہے۔ انتظامیہ نے بتایا ہے کہ کمشنر راولپنڈی کے حکم پر موبائل لیبارٹریز متاثرہ علاقوں میں پہنچا دی گئی ہیں اور اسسٹنٹ کمشنر آفس کا کیمپ آفس بھی قائم کر دیا گیا ہے۔ محکمہ صحت اور متعلقہ عملے کو بھی ریڈ زون میں پہنچنے اور انسدادِ ڈینگی کی کارروائیوں میں مزید تیزی لانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ واضح رہے کہ صوبہ پنجاب میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ڈینگی کے31 مریض رپورٹ ہوئے ہیں جن میں سے 18 مریضوں کا تعلق راولپنڈی، 12 کا لاہور اور 1 کا فیصل آباد سے ہے۔