لاہور (ویب نیوز)

ملک کے سب سے بڑے صوبے پنجاب میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ڈینگی وائرس کے 106 اور کورونا وائرس کے 64 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔سیکریٹری صحت پنجاب کے مطابق ڈینگی کے 106 کیسز میں سے لاہور میں 46، راولپنڈی میں 32، گوجرانولہ میں 14، گجرات میں 2 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ڈیرہ غازی خان، فیصل آباد، ملتان، قصور، ننکانہ، سیالکوٹ، وہاڑی، مظفر گڑھ، منڈی بہاوالدین، سرگودھا، خانیوال، اوکاڑہ اور پاکپتن سے ڈینگی کا ایک ایک کیس رپورٹ ہوا ہے۔سیکریٹری صحت پنجاب نے بتایا کہ رواں سال پنجاب میں اب تک ڈینگی کے 1 ہزار 481 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ پنجاب کے اسپتالوں میں ڈینگی کے 308 مریض داخل ہیں، جبکہ صوبے میں 2 ہزار 335 مقامات سے ڈینگی کا لاروا برآمد ہوا ہے۔ سیکریٹری صحت پنجاب کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب میں کورونا وائرس کے 7 ہزار 130 ٹیسٹ کیے گئے جن کے نتیجے میں 64 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ان 64 کورونا وائرس کے کیسز میں سے لاہور میں 32، ساہیوال میں 8، راولپنڈی اور بہاولپور میں 6، 6 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ سیکریٹری صحت پنجاب نے یہ بھی بتایا ہے کہ پنجاب میں کورونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح 0 اعشاریہ 9 فیصد، لاہور میں 1 اعشاریہ 4 فیصد اور بہاولپور میں 3 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے۔