سیلابی صورتحال،سویلین حکومت کی مدد کیلئے چاروں صوبوں میں پاک فوج تعینات کرنے کی منظوری
صوبائی حکومت کی درخواست پر فوج تعینات کرنے کی سمری وفاقی کابینہ کو حتمی منظوری کیلئے بھجوا دی گئی ہے،وزارت داخلہ
انسانی زندگیاں بچانا اولین ترجیح ،سیلاب سے متاثرہ لوگوں کوکسی صورت اکیلا نہیں چھوڑیں گے،وفاقی حکومت تمام وسائل فراہم کر رہی ہے،رانا ثنا اللہ
اسلام آباد( ویب نیوز)
وزارت داخلہ نے شدید بارشوں اور سیلاب کی ہنگامی صورتحال کے پیش نظرسویلین حکومت کی مدد کیلئے چاروں صوبوں میں پاک فوج تعینات کرنے کی منظوری دیدی ،آئین کے آرٹیکل 245کے تحت فوج تعینات کرنے کی سمری وفاقی کابینہ کو حتمی منظوری کیلئے بھجوا دی گئی ۔ وزار ت داخلہ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق چاروں صوبائی حکومتوں نے سیلاب متاثرہ علاقوں میں فوج تعینات کرنے کی ریکوزیشن وزارت داخلہ بھجوائی۔ وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے کہا کہ آئین کے آرٹیکل 245 کے تحت سویلین حکومت کی ریلیف اینڈ ریسکیو آپریشنز میں مدد کیلئے پاک افواج کی تعیناتی کی جارہی ہے، پاک افواج کو چاروں صوبوں کے سیلاب سے آفت زدہ علاقوں میں تعینات کیا جارہا ہے، حکومت پنجاب نے ڈیرہ غازی خان ضلع میں سیلاب متاثرہ علاقوں میں پاک افواج تعینات کی ریکوزیشن کی ہے۔وزیر داخلہ رانا ثنااللہ کا کہنا ہے کہ حکومت خیبر پختونخوا نے ڈیرہ اسماعیل خان ضلع میں سیلاب متاثرہ علاقوں میں فوج تعینات کی ریکوزیشن کی ہے، حکومت بلوچستان نے نصیر آباد،جھل مگسی، صحبت پور، جعفر آباد اورلسبیلہ اضلاع میں فوج کی تعیناتی کیلئے ریکوزیشن کی ہے۔ جبکہ سندھ حکومت نے سیلابی علاقوں میں صوبائی حکومت کی مدد کیلئے فوج تعینات کرنے کیلئے ریکوزیشن وزارت داخلہ بھیجی۔ رانا ثنااللہ نے مزید بتایا کہ وزارت داخلہ میں قائم کنٹرول روم سے سیلاب کی صورتحال کو مسلسل مانیٹر کیا جا رہا ہے، سیلاب سے متاثرہ لوگوں کوکسی صورت اکیلا نہیں چھوڑیں گے،انسانی زندگیاں بچانا اولین ترجیح ہے۔ وزیر داخلہ رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت تمام صوبوں کو ضروری انسانی اور مالی وسائل فراہم کر رہی ہے۔