سوات میں سیلاب کی تباہ کاریاں ، مینگورہ شہر سمیت بالائی علاقوں میں بارش کا سلسلہ بدستور جاری

مینگورہ شہر سمیت تمام میدانی اور بالائی علاقوں میں سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے 15 افراد جاں بحق، درجنوں افراد زخمی ہوچکے

سوات ( ویب  نیوز)سوات میں سیلاب کی تباہ کاریاں ، مینگورہ شہر سمیت بالائی علاقوں میں بارش کا سلسلہ بدستور جاری ہے،مینگورہ شہر سمیت تمام میدانی اور بالائی علاقوں میں سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے 15 افراد جاں بحق جبکہ درجنوں افراد زخمی ہوچکے ہیں، انتظامیہ کے جاری کردہ اعدادو شمار کے مطابق سوات میں حالیہ سیلاب کے دوران 130 کلومیٹر سے زائد سڑکیں تباہ ہوگئی ہیں ، مجموعی طور پر 15 رابطہ پلوںمیں سے بیشتر مکمل طورپر تباہ ہوگئے ہیں جبکہ بعض کو جزوی نقصان پہنچا ہے لیکن وہ بھی موجود صورتحال میں استعمال کے قابل نہیں رہے ہیں اس کے علاوہ سیلابی ریلوں سے متاثرہ علاقوں میں 100 سے زائد مکانات اور دیگر عمارتیں تباہ ہوئیں، اے ڈی سی ریلیف سوات ابرار وزیر کے مطابق بدترین سیلاب کی وجہ سے بالائی سیاحتی علاقوں کالام، بحرین اور دیگر ملحقہ علاقوں میں 50 کے قریب ہوٹلز اور ریستوران بھی سیلاب کے نذر ہوگئے ہیں تاہم نقصانات کا صحیح تخمینہ حالات معمول پر آنے کے بعد لگایا جاسکے گا جس کے لئے کمیٹیاں اور ٹیم تشکیل دئے گئے ہیں، واضح رہے کہ سوات میں تین دن قبل آنے والے سیلاب کے بعد مینگورہ شہر کے متاثرہ علاقوں امان کوٹ ، بنگلہ دیش،لنڈیکس ، فیض آباداور بالائی سوات کے علاقوں مدین، بحرین ،کالام ،تحصیل مٹہ اور تحصیل کبل سمیت بریکوٹ کے علاقوں میں تباہی مچ گئی تھی ،متاثرہ علاقوں میں ریلیف وبحالی کا کام جاری ہے جس میں ریسکیو اداروں کے ساتھ ساتھ اپنی مدد آپ کے تحت بعض فلاحی ادارے مصروف ہیں ،ضلعی انتظامیہ بھی حتی المقدور اپنی ذمہ داریاں نبھارہی ہیں لیکن سیلاب کی تباہ کاریاں اتنی زیادہ ہیں کہ اس کی وجہ سے بحالی کا کام سست روی کا شکار ہے جس کے باعث متاثرہ افراد شدید پریشانی کے شکا رہیںاور انہوں نے حکومت سے متاثرہ علاقوں میں صفائی اور دیگر ضروری امور نمٹانے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اُٹھانے کا مطالبہ کیا ہے۔