اسلام آباد (ویب نیوز)
پاکستان نے بھارتی سیکیورٹی فورسز کے ہاتھوں مقبوضہ کشمیر میں پاکستانی شہری کے ماورائے عدالت قتل کی شدید مذمت کی ہے۔بھارتی ناظم الامور کو وزارت خارجہ میں طلب کر کے سخت احتجاج بھی ریکارڈ کرایا۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ اس حوالے سے اسلام آباد میں بھارتی ناظم الامور کو وزارت خارجہ میں طلب کیا گیا اور راجوڑی میں بھارتی فوجی اسپتال میں پاکستانی شہری تبارک حسین کے قتل پر شدید احتجاج ریکارڈ کرایا گیا۔دفتر خارجہ کے ترجمان نے مزید کہا کہ بھارتی ناظم الامور کو کہا گیا کہ اپنی حکومت کو ذہنی معذور پاکستانی تبارک حسین کے قتل پر پاکستان کی شدید مذمت سے آگاہ کرے۔ تبارک حسین 21 اگست کو راجوڑی ضلع کے نوشہرہ کے مقام پر غلطی سے سرحد پار کر گیا تھا۔ ترجمان نے کہا کہ بھارتی سیکیورٹی فورسز نے بے رحمی سے تبارک حسین کو گولی مار دی تھی۔ تبارک حسین کی موت پر دل کا دورہ پڑنے کا بھارتی دعویٰ یکسر مسترد کرتے ہیں۔