ممنوعہ فنڈنگ کیس کتنا عرصہ چلا ؟ ،رکن الیکشن کمیشن ،8سال چلا ،شاہ خاور ،اس کیس کو بھی 8سال چلانا ہے؟،چیف الیکشن کمشنر

اسلام آباد  (ویب نیوز)

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ممنوعہ فنڈنگ کیس میں ممنوعہ فنڈنگ بحق سرکار ضبط کرنے کے حوالے سے پاکستان تحریک انصاف کو پارٹی چیئرمین عمران خان کے توسط سے جاری شوکاز نوٹس کا جواب جمع کروانے کے لئے دو ہفتے کی مہلت دیتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 19ستمبر تک ملتوی کردی۔ چیف الیکشن کمشنرڈاکٹر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میںنثار احمد درانی، شاہ محمد جتوئی،بابر حسن بھروانہ اور جسٹس (ر)اکرام اللہ خان پر مشتمل الیکشن کمیشن کے پانچ رکنی بیچ نے پی ٹی آئی غیر ملکی فنڈنگ ضبط کرنے کے حوالے سے جاری شوکاز نوٹس پر سماعت کی۔ دوران سماعت پی ٹی آئی کی طرف سے شاہ خاور ایڈووکیٹ بطور وکیل پیش ہوئے اور جواب جمع کروانے کے لئے چار ہفتے کا مزید وقت مانگا۔شاہ خاور ایڈووکیٹ نے کہا کہ بیرون ملک سے بعض دستاویزات ابھی تک نہیں ملیں، تمام دستاویزات موصول ہونے پر ہی جواب جمع کروایا جائے گا۔ سمندر پار پاکستانیوں کے نائیکوپ اور دیگر تفصیلات کا انتظار ہے۔الیکشن کمیشن کے رکن کے پی نے استفسار کیا کہ ممنوعہ فنڈنگ کیس کتنا عرصہ چلا تھا؟ ، جس پر شاہ خاور نے بتایا کہ ممنوعہ فنڈنگ کیس 8 سال تک چلا تھا۔ چیف الیکشن کمشنر نے ریمارکس دیئے کہ کیا اس کیس کو بھی 8سال چلانا ہے؟ ۔بعد ازاں الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کو جواب جمع کرانے کے لیے آخری موقع دیتے ہوئے مزید سماعت 19ستمبر تک ملتوی کردی۔ پی ٹی آئی کی جانب سے پیش ہونے والے شاہ خاور کی 2ہفتے کا وقت دینے کی استدعا منظور کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ یقینی بنایا جائے کہ آخری مرتبہ وقت لیا جا رہا ہے۔