اسلام آباد (ویب نیوز)

حالیہ بارشوں اور سیلاب  کی تباہ کاریاں جاری ہیں، گزشتہ ایک روز میں مزید 18 افراد جاں بحق، اب تک ملک بھر میں 1343 افراد   زندگی کی بازی ہار چکے ہیں۔ سب سے زیادہ سندھ میں 536 خیبرپختونخوا میں 290 اور بلوچستان میں 260 اموات رپورٹ ہوئیں،12 ہزار 720 زخمی ہو گئے ملک بھر میں 81 اضلاع تاحال سیلاب سے متاثر ہیں،این ڈی ایم اے نے تازہ رپورٹ جاری کر دی۔  نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے ) کی رپورٹ کے مطابق چوبیس گھنٹوں میں مزید 18 افراد زندگی کی بازی ہار گئے، ملک بھر میں 14 جون سے اب تک بارشوں کے باعث 1343 افراد جاں بحق ہو گئے، جاں بحق ہونے والوں میں 591 مرد 269 خواتین اور 474 بچے شامل ہیں۔  رپورٹ کے مطابق ملک بھر میں کل 12 ہزار 720 افراد زخمی ہوئے، سندھ زخمیوں میں سرفہرست  ہے جہاں تعداد 8ہزار 3 سو 21 ہو گئی،پنجاب 3858 کے پی 361 جبکہ بلوچستان میں 164 افراد زخمی ہوئے۔ رپورٹ کے مطابق ملک بھر میں حالیہ بارشوں اور سیلاب سے11 لاکھ 32 ہزار 572 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا اور 560789 گھر مکمل تباہ ہوئے۔  اس دوران 246 پل جبکہ 7 لاکھ 51 ہزار 145 مویشیوں کا نقصان ہوا۔