شارجہ (ویب نیوز)
ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے میں پاکستان افغانستان کو ہرا کر فائنل میں پہنچ گیا۔ پاکستان کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر افغانستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ افغانستان نے پاکستان کو جیت کے لیے 130 رنز کا ہدف دیا تھا۔ پہلے اوور کی دوسری ہی گیند پر بابر اعظم آئوٹ ہوگئے، انہوں نے اپنا کھاتہ بھی نہیں کھولا، 18 رنز کے مجموعے پر فخر زمان رن آئوٹ ہوگئے۔ 45 رنز پر پاکستان کو محمد رضوان کی صورت میں تیسرا نقصان اٹھانا پڑا، انہوں نے 20 رنز کی اننگز کھیلی۔ افتخار احمد اور شاداب خان نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں ہدف کا تعاقب برقرار رکھا، اس دوران شاداب نے جارحانہ انداز اختیار کیا۔ دونوں نے 42 رنز کی شراکت قائم کی۔ 87 رنز پر افتخار احمد بڑا شاٹ کھیلنے کی کوشش میں آئوٹ ہوگئے، انہوں نے 30 رنز بنائے۔ 97 رنز پر شاداب خان بھی آئوٹ ہوئے وہ 36 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹے۔ پاکستان کو چھٹا نقصان 105 رنز پر محمد نواز کی صورت میں اٹھانا پڑا، وہ صرف 5 رنز ہی بناسکے۔ 109 رنز پر خوشدل شاہ آئوٹ ہوگئے۔ 118 رنز پر آصف علی آئوٹ ہوگئے۔ اننگز کے آخری اوور میں پاکستان کو 11 رنز درکار تھے اور اس کی صرف ایک ہی وکٹ باقی تھی، کریز پر نسیم شاہ اور محمد حسنین موجود تھے۔ نسیم شاہ نے لگاتار 2 گیندوں پر 2 چھلکے لگاکر پاکستان کی کشتی پار لگا دی ۔ افغانستان نے اننگز کا آغاز انتہائی تیز رفتاری سے کیا تھا، افغان اوپنرز چوتھے اوور میں 36 رنز بناچکے تھے، حارث روف نے رحمان اللہ گرباز کی وکٹ لے کر رنز کے سیلاب کو روکا، 43 کے اسکور پر محمد حسنین نے حضرت الللہ زازائی کو ٹھکانے لگایا۔ ون ڈائون پوزیشن پر آنے والے ابراہیم زردان نے کچھ مزاحمت دکھائی لیکن کوئی کھلاڑی ان کا ساتھ نہ دے سکا۔ابراہیم زردان نے سب سے زیادہ 35 رنز بنائے۔ کریم جنت 15، نجیب اللہ زردان 10 جب کہ محمد نبی صفر پر آئوٹ ہوئے، عظمت اللہ عمر زئیی 10 اور راشد خان 18 رنز بناکر ناٹ آئوٹ رہے۔ افغانستان کی ٹیم 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 129 رنز ہی بناسکی۔