پاکستان نے بدلہ چکا دیا،بھارت کوسنسنی خیز مقابلہ کے بعد شکست دے دی

گرین شرٹس نے 181 رنز کا ہدف آخری اوور میں 5 وکٹوں کے نقصادن پر حاصل کر لیا

محمد رضوان نے ایک مرتبہ پھر شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور 2 چھکوں ، 6 چوکوں کی مدد سے 51 گیندوں پر 71 رنز بنائے

محمد نواز  بھارت کے لئے سرپرائز ثابت ہوئے،2 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 20 گیندوں پر 42 رنز کی تاریخی اننگز کھیلی

دبئی(ویب  نیوز)

پاکستان نے بدلہ چکا دیا،بھارت کوسنسنی خیز مقابلہ کے بعد شکست دے دی،گرین شرٹس نے 181 رنز کا ہدف آخری اوور میں 5 وکٹوں کے نقصادن پر حاصل کر لیا،محمد رضوان نے ایک مرتبہ پھر شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور 2 چھکوں ، 6 چوکوں کی مدد سے 51 گیندوں پر 71 رنز بنائے۔ دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر بھارت کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ بھارت نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 181 رنز بنائے اور پاکستان کو جیت کے لیے 182 رنز کا ہدف دیا۔ بھارت کی جانب سے روہت شرما اور کے ایل راہل اننگز کا آغاز کرنے میدان میں اترے ، دونوں کھلاڑیوں نے 54 رنز کا طوفانی آغاز فراہم کیا، روہت شرما 16 گیندوں پر 28 رنز بناکر حارث رئوف کے ہاتھوں آئوٹ ہوئے۔پاکستان کو 62 رنز پر بھارت کی دوسری وکٹ کے ایل راہول کی صورت میں ملی، انہوں نے 20 گیندوں پر 28 رنز بنائے اور شاداب خان نے انہیں آئوٹ کیا۔91 رنز پر محمد نواز نے سوریا کمار یادیو کو ٹھکانے لگایا، انہوں نے 10 گیندوں پر 13 رنز بنائے۔ بھارت کی چوتھی وکٹ 126 رنز پر رشبھ پنت کی صورت میں گری، وہ 14 رنز بناسکے۔ 131 رنز پر ہاردک پانڈیا اپنا کھاتہ کھولے بغیر ہی محمد حسنین کا شکار بنے۔ اسی دوران ویرات کوہلی نے نصف سنچری اسکور کی۔ 168 رنز پر بھارت کی چھٹی وکٹ گری، نسیم شاہ نے دیپک ہوڈا کو 16 رنز کے انفرادی اسکور پر آئوٹ کیا۔173 رنز پر ویرات کوہلی تیزی سے دوسرا رن لینے کی کوشش کے دوران رن آئوٹ ہوئے انہوں نے 60 رنز کی اننگز کھیلی۔ 182 رنز ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی جانب سے کپتان بابر اعظم اور محمد رضوان نے اننگز کا آغاز کیا، کپتان بابر اعظم 2 چوکوں کی مدد سے 10 گیندوں پر 14 رنز بناکر روی بشنوئی کی گیند پر روہت شرما کو کیچ دے بیٹھے، فخر زمان 2 چوکوں کی مدد سے 18 گیندوں پر 15 رنز بناکر چاہل کی گیند پر کوہلی کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے۔ محمد نواز کو اوپر بھیجنا بھارت کے لئے سرپرائز ثابت ہوا اور انہوں نے جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 2 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 20 گیندوں پر 42 رنز کی اننگز کھیلی، تاہم وہ بھوونیشور کمار کو چھکا مارنے کی کوشش میں دیپک ہوڈا کو بانڈری لائن پر کیچ تھما بیٹھے۔ محمد رضوان نے ایک مرتبہ پھر شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور 2 چھکوں ، 6 چوکوں کی مدد سے 51 گیندوں پر 71 رنز بناکر ہاردیک پانڈیا کی گیند پر سوریا کمار یادیو کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے۔ اس طرح پاکستان نے 17 اوورز میں 4 وکٹ کے نقصان پر 148 رنز بنائے۔ گرین شرٹس نے 181 رنز کا ہدف آخری اوور میں 5 وکٹوں کے نقصادن پر حاصل کر لیا۔ پاکستان کی پلیئنگ الیون میں ایک تبدیلی کی گئی ہے، شاہنواز دہانی کی جگہ محمد حسنین کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔پاکستان ٹیم کپتان بابر اعظم، محمد رضوان، فخر زمان، افتخار احمد ، خوشدل شاہ، آصف علی، شاداب خان، محمد نواز ، نسیم شاہ، حارث رئوف اور محمد حسنین پر مشتمل تھی۔ جبکہ پاکستان کے خلاف اہم ترین میچ میں بھارتی ٹیم کپتان روپت شرما، کے ایل راہول، ویرات کوہلی، سوریا کمار یادیو، رشبھ پنت، دیپک ہوڈا، ہاردک پانڈیا، بھونیشور کمار، روی بھشنوئی، ارشدیپ سنگھ اور یزوندرا چاہل پر مشتمل تھی۔