Pakistan and India flag together realtions textile cloth fabric texture

پاکستان بھارت سے ہر وقت بامعنی مذاکرات کے لئے تیار ہے،کبھی راہ فرار اختیار نہیں کی،عاصم افتخار

کشمیر سمیت تمام تنازعات پر بات چیت چاہتے ہیں،بھارت قوانین کا خاتمہ کرکے مذ اکرات کے لئے ماحول سازگار بنائے

رواں ہفتے بھارتی سیکورٹی فورسز نے 7 کشمیریوں کو شہید کردیا ،بھارت پاکستانی قیدی تبارک حسین کی پوسٹ مارٹم رپورٹ فراہم کرے

پاک افغان میچ میں کشیدگی سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات متاثر نہیں ہوں گے، کھیل کے مقابلوں میں ایسے  جذباتی منظر سامنے آجاتے ہیں

یو این سیکریٹری جنرل آج(جمعہ کو) پاکستان پہنچ رہے ہیں، وزیراعظم سے ملاقات اور سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کریں گے،ترجمان دفتر خارجہ کی بریفنگ

اسلام آباد( ویب  نیوز)

ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار احمد نے کہا ہے کہ پاکستان ہمیشہ سے مذاکرات پر یقین رکھتا ہے اور ہر ایک سے مذاکرات کے لئے تیار ہے۔ کشمیر سمیت تمام تنازعات پر بات چیت چاہتے ہیں،بھارت قوانین کا خاتمہ کرکے بات چیت کے لئے ماحول سازگار بنائے،رواں ہفتے بھارتی سیکورٹی فورسز نے 7 کشمیریوں کو شہید کردیا ،بھارت پاکستانی قیدی تبارک حسین کی پوسٹ مارٹم رپورٹ فراہم کرے۔ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار جمعرات کے ر وز  ہفتہ وار میڈیا بریفنگ میں بتایا کہ پاکستان کبھی بھی مذاکرات سے راہ فرار اختیار نہیں کرتا ہے۔  پاکستان بھارت سے ہر وقت بامعنی مذاکرات کے لئے تیار ہے اور کشمیر سمیت تمام تنازعات پر بات چیت چاہتے ہیں لیکن مقبوضہ کشمیر میں یکطرفہ بھارتی اقدامات نے ماحول کو مزید کشیدہ کردیا ہے اس لئے ضروری ہے کہ بھارت قوانین کا خاتمہ کرکے بات چیت کے لئے ماحول سازگار بنائے۔ ترجمان نے بتایا کہ رواں ہفتے بھارتی مقبوضہ کشمیر میں سیکورٹی فورسز نے 7 معصوم کشمیریوں کو شہید کردیا ہے جبکہ بھارت پہلے بھی پاکستانی قیدیوں کو ماورائے عدالت جعلی مقابلوں میں قتل عام کر چکا ہے۔ اس موقع پر انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ بھارت ماورائے عدالت قتل ہونے والے پاکستانی قیدی تبارک حسین کی پوسٹ مارٹم  رپورٹ پاکستان کو فراہم کرے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان نے پاکستانی شہری تبارک حسین کی غیر قانونی حراست کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے پانچ ستمبر کو بھارتی ناظم الامور کو طلب کیا گیا تھا جہاں پاکستان نے تبارک حسین کے قتل پر بھارتی ناظم الامور سے شدید احتجاج ریکارڈ کرایا۔ انہوں نے یاسین ملک کی غیر قانونی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی جاسوس کمانڈر کلبھوشن جادیو کو رنگے ہاتھوں پاکستان میں گرفتار کیا گیا لیکن ان سب کے باوجود پاکستان نے کلبھوشن کی اسکے خاندان سے ملاقات کی اجازت دی تھی۔انہوں نے مزید کہا کہ آج یاسین ملک غیر قانونی بھارتی حراست میں ہیں لیکن انکے خاندان والوں کو ان سے ملاقات کی اجازت دینی چاہیے ۔ ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار نے کہا کہ پاک افغان میچ میں کشیدگی سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات متاثر نہیں ہوں گے، کھیل کے مقابلوں میں ایسے جزباتی منظر سامنے آجاتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا ہے کہ افغانستان کے ساتھ برادرانہ تعلقات ہیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ امریکہ نے پاکستان کوایف 16 طیاروں کی مرمت  کے لئے سامان اور آلات فروخت کرنے کے لئے 45 کروڑ ڈالرز معاہدے کی منظوری دی ہے ۔ انہوں نے مزید کہا پاکستان کی جانب سے امریکی اقدام کا خیر مقدم کرتے ہیں، اس سے دونوں ممالک کے مابین تعلقات مزید مستحکم ہوں گے اور تعلقات بھی صحیح سمت میں آگے جائیں گے۔ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سیلابی صورتحال کے دوران امریکی کانگریس کے وفد نے شیلا جیکسن لی کی سربراہی میں پاکستان کا دورہ کیا اور ان کی قیادت میں امریکی وفد نے پاکستانی حکام سے اعلی سطح کی ملاقاتیں بھی کیں۔ترجمان نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس آج بروز جمعہ کو 2 روزہ دورے پر پاکستان آئیں گے جس دوران وہ وزیراعظم سے ملاقات کریں گے اور مشترکہ پریس کانفرس سے خطاب کریں گے۔ اس دوران وہ بلوچستان اور سندھ کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کریں گے جبکہ سیلاب متاثرین سے ملاقات بھی کریں گے۔ یو این سیکریٹری جنرل کو سیلاب سے تباہ کاریوں پر بریف کیاجائے گا جبکہ انہیں موسمیاتی تبدیلیوں کے پاکستان پر اثرات  بارے بھی آگاہ کیا جائے گا۔انتونیو گوتریس سے ریلیف ریسکیو کے بعد تعمیر نو اور خطے کی صورتحال پر گفتگو ہوگی اور افغانستان اور مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیاجائے گا۔ ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ پاکستان بھر میں سیلاب اور بارشوں کے باعث تین کروڑ  تیس لاکھ افراد متاثر ہیں جبکہ تباہ کن سیلاب کے باعث 1300 سے زائد افراد جاں بحق ہوئے اور 13 ہزار افراد سے زائد افراد سیلاب سے زخمی ہوئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ یو این ایجنسیاں، این جی اووز اور عالمی برادری سیلاب متاثرین کی امداد کے لئے پیش پیش ہیں جس کے لئے پاکستان عالمی برادری کا سیلاب سے نمٹنے کے لئے امداد اور یکجہتی پر شکریہ ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ترک وفد نے بھی اپنے دورے میں وزیراعظم سے ملاقات میں اوسط آمدنی کے گھروں کی تعمیر پر بات  چیت کی ہے۔