پاکستان اسلامی اصولوں اور بابائے قوم کے وژن کے مطابق جمہوریت کو پروان چڑھانے اور مضبوط کرنے کے لئے پرعزم ہے
ملک کا آئین جمہوری اصولوں اور پارلیمانی طرز حکومت پر مشتمل ہے
عالمی برادری، جمہوری اداروں، سول سوسائٹی اور عوام کی مکمل شمولیت اور حمایت کے ساتھ ہی جمہوریت کے آئیڈیل کو حقیقت میں بدلا جا سکتا ہے
صدر مملکت کاعالمی یوم جمہوریت کے موقع پر پیغام
اسلام آباد (ویب نیوز)
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان اسلامی اصولوں اور بابائے قوم کے وژن کے مطابق جمہوریت کو پروان چڑھانے اور مضبوط کرنے کے لئے پرعزم ہے، ملک کا آئین جمہوری اصولوں اور پارلیمانی طرز حکومت پر مشتمل ہے، عالمی برادری، جمہوری اداروں، سول سوسائٹی اور عوام کی مکمل شمولیت اور حمایت کے ساتھ ہی جمہوریت کے آئیڈیل کو حقیقت میں بدلا جا سکتا ہے۔ عالمی یوم جمہوریت کے موقع پر اپنے پیغام میں صدر مملکت نے بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کے فرمان کا حوالہ دیا جس میں ان کا کہنا تھا کہ "جمہوریت مسلمانوں کے خون میں شامل ہے، جو انسانوں کی برابری کے خواہاں ہیں اور بھائی چارے، مساوات اور آزادی پر یقین رکھتے ہیں۔” ایوان صدر کے میڈیا ونگ کے مطابق صدر مملکت نے کہا کہ جیسا کہ دنیا جمہوریت کا عالمی دن منا رہی ہے، پاکستان اسلامی اصولوں اور بابائے قوم کے وژن کے مطابق جمہوریت کو پروان چڑھانے اور مضبوط کرنے کے اپنے عزم کا اعادہ کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا آئین جمہوری اصولوں اور پارلیمانی طرز حکومت پر مشتمل ہے۔ آئین کا دیباچہ یہ واضح طور پر بیان کرتا ہے کہ ریاست اپنی طاقت اور اختیار کو عوام کے منتخب نمائندوں کے ذریعے استعمال کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری، جمہوری اداروں، سول سوسائٹی اور عوام جو حتمی اسٹیک ہولڈر ہیں، کی مکمل شرکت اور حمایت کے ساتھ ہی جمہوریت کے آئیڈیل کو حقیقت میں بدلا جا سکتا ہے اور ہر کوئی اس سے مستفید ہو سکتا ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ فیصلہ سازی میں عوامی شمولیت کی جمہوری اقدار، انسانی حقوق، اظہار رائے کی آزادی اور آفاقی حق رائے دہی کے ذریعے وقتا فوقتا آزاد اور منصفانہ انتخابات کے انعقاد کا اصول جمہوریت کی بنیاد ہیں۔ پاکستان اس عزم پر قائم ہے کہ خاص طور پر اقلیتوں اور معاشرے کے کمزور طبقات کے لیے حقیقی جمہوریت ہی جامع فیصلہ سازی اور پالیسی سازی کے لیے آگے بڑھنے کا واحد راستہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی حقیقی نمائندگی، انصاف، مساوات، سماجی انصاف اور قانون کی حکمرانی کسی بھی جمہوری قوم کے دل میں ہوتی ہے اور پاکستان ان اقدار کو اپنے آئین کے ذریعے حاصل کرنے کی کوشش کرتا ہے جو ان کی ضمانت دیتا ہے۔ صدر عارف علوی نے کہا کہ پاکستان دنیا کے ان تمام مظلوموں خاص طور پر غیر قانونی بھارتی مقبوضہ جموں وکشمیر کے لوگوں کے ساتھ کھڑا ہے جو محکوم ہیں اور اپنے جمہوری حق خود ارادیت کا استعمال نہیں کر سکتے۔