پشاور (ویب نیوز)
- پشاورمیں آٹے کی قیمتوں میں یکدم بڑااضافہ،80کلو کی بوری9ہزار تک پہنچ گئی
- نانبائیوں نے روٹی کا وزن کم کردیا،آٹے کی قیمت کم کرنے یا روٹی کی قیمت بڑھانے کے مطالبات
پشاورمیں آٹے کی قیمتوں میں یکدم زبردست اضافہ ہوگیا ۔80کلو آٹے کی بوری9ہزار روپے تک جا پہنچی جبکہ 20کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 2300روپے مقرر کر دی گئی ہے جس کے باعث شہریوں کو آٹے کی مہنگے داموں خریداری میں مشکلا ت کا سامنا کرناپڑرہا ہے ۔مارکیٹ ذرائع کے مطابق سیلابی صورتحال کے باعث پنجاب سے آٹے کی ترسیل میں کمی آئی ہے جس کے باعث آٹے کی قیمتوں میں ایک دم سے اضافہ کر دیاگیا ہے ۔چند روز کے دوران ۔سپیشل آٹا110روپے فی کلو سے 120روپے کلو،چکی کا آٹا 100سے110روپے فی کلو،فائن دانے دار آٹا 100روپے سے 130روپے فی کلو تک پہنچ گیا ہے جبکہ بعض اطلاعات کے مطابق اگر فوری طور پر پنجاب سے آٹے کی ترسیل میں تیزی نہ آئی تو آٹا مزید مہنگا ہو سکتا ہے ۔پشاورکے شہری اس وقت سستے آٹے کے حصول کیلئے دربدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں جبکہ شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے فراہم کیا جانے والا سستا آٹا استعمال کے قابل نہیں ہے اور اس میں چوکر کا استعمال کیاگیا ہے ۔دوسری جانب پشاورمیں نانبائیوں نے آٹا مہنگا ہونے پر روٹی کی قیمتو ں میں اضافے کا مطالبہ بھی کر دیا ہے جبکہ پشاور سے متصل خیبرپختونخوا کے ضلع چارسدہ میں نانبائیوں نے پیر کے روز تک کی ڈیڈ لائن دی ہے کہ روٹی کی قیمتوں میں اضافے کا فیصلہ منظور کیا جائے بصورت دیگر اس کے خلاف ہڑتال کی جائے گی ۔نانبائیوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ آٹے کی قیمتوں میں کمی کے لئے اقدامات اٹھائے جائیں یا روٹی کی قیمت بڑھانے کی منظوری دی جائے ۔
- پشاورمیں ایل پی جی کی قیمت میں بڑا اضافہ،فی کلو400تک جا پہنچی
- شہر کے بیشتر علاقوں میں گیس دستیاب ہی نہیں،شہریوں کا بلیک میں فروخت کا شکوہ
بلوچستان کے بعد پشاور سمیت صوبے کے دیگر اضلاع میں بھی سیلابی صورتحال میں ایل پی جی کی طلب میں اضافہ ہونے سے قیمتوں کو بڑھا دیاگیا
ہے اور فی کلو قیمت 200روپے سے بڑھ کر400روپے تک پہنچ گئی ہے۔عوام کو ایک طرف سوئی گیس لوڈشیڈنگ اور کم پریشر کے مسائل کا سامنا ہے جبکہ اب ایل پی جی گیس کی قیمت بڑھنے سے مسائل اور مشکلات مزید بڑھ گئی ہیں ۔ذرائع کے مطابق پشاور میں ایل پی جی بھرے سلنڈر کی کمی پیدا ہوئی ہے جس کے باعث بلیک میں فروخت شروع ہو گئی ہے کیونکہ گیس کی بدترین لوڈشیڈنگ اور کم پریشر کے باعث ایل پی جی کی مانگ میں اضافہ ہو گیا ہے جس کے باعث اس کی قیمتوں میںجہاں خود ساختہ اضافہ کر دیاگیا ہے وہیں بلیک میں بھی فروخت شروع کر دی گئی ہے ۔ذرائع کے مطابق پشاور میں دو سو روپے فی کلو سے چار سو روپے فی کلو تک ایل پی جی فروخت ہورہی ہے جس کے باعث رکشہ وٹیکسی ڈرائیوروں نے بھی کرایوں میں اضافہ کر دیا ہے تاہم تمام تر صورتحال میں براہ راست غریب اور متوسط افراد ہی متاثر ہورہے ہیں۔