پشاور (ویب نیوز)

  • پشاور۔۔پولیس اور پی ٹی آئی کارکنوں کی آنکھ مچولی دوسرے روز بھی جاری رہی
  • پولیس کی جانب سے مشتعل کارکنوں کو منتشر کرنے کیلئے آنسو گیس کا استعمال بھی کیا جاتا رہا

پشاورمیں پولیس اور پی ٹی آئی کارکنوں کی آنکھ مچولی دوسرے روز بھی جارہی۔پولیس ایک علاقے سے مظاہرین کو منتشر کرتی تو وہ دوسرے علاقے میں پہنچ جاتے ۔پولیس کی جانب سے کا رکنوں کی گرفتاریوں کا سلسلہ بھی شروع کر دیاگیا ۔تفصیلات کے مطابق پشاورمیں مسلسل دوسرے روز بھی پی ٹی آئی کے کارکنوں اور پولیس اہلکاروں کے درمیان آنکھ مچولی کا سلسلہ جاری رہا ۔عمران خان کی گرفتاری کے بعد پشاورشہر میں پی ٹی آئی کارکنوں نے جی ٹی روڈ سمیت دیگر مقامات پر احتجاج شروع کر رکھا ہے تاہم پولیس کی جانب سے مشتعل کارکنوں کو منتشر کرنے کیلئے آنسو گیس کا استعمال بھی جاری ہے اور دوسرے روز بھی پی ٹی آئی کارکنوں اور پولیس اہلکاروں کی آنکھ مچولی جاری رہی ۔

  • پشاور۔۔تھانوں پر حملوں کے خدشے کے پیش نظر دروازے بند کر دیئے گئے
  • پولیس نے تھانوں کی سیکورٹی کے لئے بھی اطراف میں اہلکار تعینات کرد یئے

پشاورمیں ہنگاموں کے باعث اور پولیس تھانوں پر حملوں کے پیش نظر حفاظتی اقدامات کے طور پر تھانوں کے دروازے بند کر کے سیکورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے ۔تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی گرفتاری کے بعد پشاورمیں ہنگامے پھوٹ پڑے ہیں جس کے باعث تھانوں کی سیکورٹی بھی سخت کر دی گئی ہے اور پولیس کو خدشہ ہے کہ مظاہرین مشتعل ہو کر تھانوں پر بھی حملہ آور ہو سکتے ہیں جس کے باعث تھانوں کے دروازے بھی بند کر دیئے گئے ہیں ۔ذرائع کے مطابق پولیس نے حفاظتی اقداما ت اقدامات کے تحت سیکورٹی بڑھائی ہے تاہم پولیس اہلکار پشاورمیں امن و امان کی صورتحال یقینی بنانے کیلئے متحرک ہیں ۔

  • پشاور۔۔پی ٹی آئی کارکنوں پر آنسو گیس کے استعمال پر شہر میں دھواں پھیل گیا
  • شہریوں کا سانس لینا بھی مشکل،بیشتر علاقوں کے مکین گھروں کو تالے لگا کررشتہ داروں کے گھر منتقل

پشاورمیں پی ٹی آئی کے کارکنوں پر آنسو گیس کے استعمال کی وجہ سے سارے شہر میں دھواں پھیل گیا جس کی وجہ سے شہر کے مختلف علاقوں میں سڑکوں اور گھروں پر لوگوں کو سانس لینے میں دشواری کا سامنا کرناپڑا ۔گزشتہ روز پولیس نے تحریک انصاف کے مشتعل کارکنوں کو روکنے کے لئے آنسو گیس کا استعمال کیا اور آنسو گیس کے استعمال کا سلسلہ دوسرے روز بھی تواتر کے ساتھ جاری رہا جس کے باعث شہر کے اکثر علاقوں میں لوگوں کے لئے سانس لینا بھی دشوار ہو گیا اور شدید ترین ذہنی کوفت میں پشاورکے مکین مبتلا رہے ۔

  • پشاور۔۔پی ٹی آئی کے مظاہرے پھوٹنے پر تعلیمی ادارے بند
  • 13مئی تک چھٹیوں کا اعلان،میٹرک کے جاری امتحانات بھی ملتوی کر دیئے گئے

پی ٹی آئی کارکنوں کے احتجاجی مظاہرے پھوٹنے پر محکمہ تعلیم کی جانب سے تمام سرکاری اور نجی کالجز اور یونیورسٹیز میں 13مئی تک چھٹیوں کا اعلان کر دیا گیا ۔میٹرک کے جاری امتحانات کا شیڈول بھی ملتوی کر دیاگیا ہے ۔اس سلسلہ میں نگران کابینہ کے مشیر رحمت سلام خٹک خٹک کا کہنا ہے کہ صوبے میں ہنگامی صورتحال کی وجہ سے آمد و رفت کی مشکلات ،سرکاری املاک اور طلبہ بچوں کی جان و مال کے تحفظ تک بند رہیں گے جبکہ پیر کے روز سے سکولوں میں تعلیمی سرگرمیاں شروع کر دی جائیں گی ۔اسی طرح پیر کے روز سے پرچہ بھی لیا جائے گا ۔اس سلسلے میں پشاورتعلیمی بورڈ کے چیئرمین پروفیسر نصر اللہ خان نے بتایا کہ گزشتہ روز شیڈول کے مطابق میٹرک امتحانات کا پرچہ نہیں لیاگیا تاہم 13مئی تک جو پرچے ملتوی کئے گئے ہیں اس کے لئے دوبارہ نیا شیڈول جاری کر دیا جائے گا ۔

  • پشاور۔۔پشاورشہر بدھ کے روز مکمل بند ،شہری گھروں میں مقید ہو کر رہ گئے
  • کارکن ٹولیوں کی شکل میں پولیس کو مصروف رکھنے کی کوشش میں رہے ،پولیس نے بھی بھرپور جواب دیا

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی گرفتاری کے بعد پشاورمیں احتجاج میں شدت آگئی اور شہر مکمل طور پر بند ہو کر رہ گیا جبکہ شہری گھروں میں مقید ہو گئے ۔خیبر روڈ اور خیبر بازار کی طرف جانے والے راستے کارکنوں نے آگ جلا کر بند کر دیئے جبکہ رنگ ورڈ سمیت دیگرمقامات پر بھی پی ٹی آئی کارکنوں نے راستے ہر قسم کی آمد و رفت کے لئے بند رکھے جس کے باعث شہر میں آمد و رفت بالکل معطل ہو کر رہ گئی اور لوگ گھروں میں قید ہو کر رہ گئے ۔بدھ کی صبح شہر کے بیشتر مقامات پر پی ٹی آئی کے کارکن آہستہ آہستہ اکھٹا ہونا شروع ہوئے اور دن 12بجے تک کارکنوں کی تعداد میں جیسے ہی اضافہ ہوا تو پولیس پر پتھرائو شروع ہو گیا جس کے بعد پولیس نے بھی لاٹھی چارج اور آنسو گیس کا استعمال کیا اور شہر میںا یک مرتبہ پھر پولیس اور پی ٹی آئی کارکنوں کے دوران آنکھ مچولی شروع ہو گئی ۔تحریک انصاف کے کارکنوں کی کوشش رہی کہ پشاورکے اہم ترین مقامات پر ٹولیوں کی شکل میں احتجاج کر کے پولیس کو مصروف رکھا جائے اور تھکا دیا جائے تاہم پولیس کی جانب سے بھی تحریک انصاف کے پتھرائو کا بھر پور جواب دیاجاتا رہا ۔اس دوران درجنوں پولیس اہلکاروں سمیت کارکنان بھی زخمی ہوگئے جنہیں طبی امداد کے لئے ہسپتال پہنچایا گیا ۔

  • پشاور۔۔تحریک انصاف کے کارکنوں کی جانب سے ایک مرتبہ پھر غلیلوں کا بھر پور استعمال
  • پتھروں کے ذریعے پولیس کو نشانہ بنایا جاتارہا،مظاہرین مسلسل ٹریفک میں خلل ڈالنے کی کوشش کرتے رہے

پشاورمیں تحریک انصاف کے کارکنوں کی جانب سے ایک مرتبہ پھر غلیلوں کا بھر پور استعمال کیاگیا اور پتھروں سے پولیس کو نشانہ بنایاگیا ۔کارکنوں کے پاس بڑے پیمانے پر غلیلیں پہلے سے ہی موجود تھیں جن کو پولیس کے خلاف استعمال میں ایک مرتبہ پھر لایاگیا ہے ۔پشاورکے سورے پل سمیت دیگر مقامات پر بدھ کے روز تحریک انصاف کے کارکن بھر پور تیاری کے ساتھ میدان میں اترے اور اس مرتبہ انہوں نے غلیلوں کا استعمال کیا اور پولیس کو دور سے ہی نشانہ بناتے رہے ۔مظاہرین سڑکوں پر ٹریفک کو رواں دواں رکھنے میں مسلسل خلل ڈالتے رہے جبکہ پولیس ایمبولینس گاڑیوں سمیت ٹرانسپورٹ کو بحال رکھنے کے لئے مظاہرین کو منتشر کرنے میں لگی رہی ۔

  • پشاورمیں ٹریفک کی آمد ورفت مکمل طور پر بند ہو کر رہ گئی
  • بی آر ٹی سروس بھی بند ،دوسرے اضلا ع اور شہروں کو جانے والی ٹرانسپورٹ بھی رک گئی

پشاورمیں ٹریفک کی آمد ورفت مکمل طور پر بند ہو کر رہ گئی ۔بی آر ٹی سروس بھی بند ہو گئی ۔دوسرے اضلاع اور شہروں کو جانے والی گاڑیاں بھی اڈوں تک محدود ہو کر رہ گئی ۔مسافر بھی پھنس گئے ۔تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کے شدید ترین احتجاج کے باعث پشاورمیں ٹرانسپورٹ بالکل معطل ہو کر رہ گئی اور بدھ کے روز بی آر ٹی سروس بھی بند رہی جس کے باعث آمد ورفت بالکل بند ہو گئی اور لوگ گھروں تک محدود ہو کر رہ گئے جبکہ اکثر بازار بند ہونے کے باعث اشیائے خوردونوش کی جہاں شہر میں قلت واقع ہوئی ہے وہیں مختلف اشیاء کی قیمتوں میں بھی زبردست اضافہ ہو گیا ہے ۔پنجاب اور سندھ سے مختلف موسمی سبزیوں اور پھلوں کی پشاورآمد بھی معطل ہو کر رہ گئی ہے جبکہ شہر کے بڑ ے بازار اور سبزی منڈیوں سمیت فروٹ منڈی بھی بند ہو گئی ہے ۔

  • آنسو گیس کے باعث لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں مریضوں کی حالت غیر
  • ریضوں اور بیماروں کے ساتھ آنے والے تیمارداروں کے لئے بھی سانس لینا مشکل ہو گیا

پشاورمیں تحریک انصاف کے مشتعل کارکنوں کو کنٹرول میں رکھنے کے لئے پولیس کی جانب سے آنسو گیس استعمال کئے جانے کے بعد پشاورکے لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں بھی مریضوں کی حالت مزید غیر ہو گئی اور پی ٹی آئی کے احتجاج کے باعث مریضوں کو بھی شدید مشکلات و پریشانی کا سامنا کرناپڑرہا ہے ۔بدھ کے روز بھی سورے پل کے قریب آنسو گیس کے بے دریغ استعمال سے ایل آر ایچ میں مریضوں کی حالت غیر رہی جبکہ مریضوں کے ساتھ تیمار داری کے لئے آنے والے لواحقین بھی شدید پریشانی میں مبتلا رہے جن کو بھی سانس لینے میں دقت کا سامنا کرناپڑا ۔

 

  • پشاور۔۔امن وامان کی صورتحال کے پیش نظر شہر کے داخلی و خارجی راستوں کی سیکورٹی سخت
  • پولیس کی جانب سے حساس مقامات کی طرف جانے والے راستوں کی سیکورٹی بھی سخت کر دی گئی

پشاورمیں امن و امان کی صورتحال کنٹرول میں رکھنے کے لئے پولیس نے شہر کے داخلی و خارجی راستوں کی سیکورٹی بڑھا دی جبکہ حساس مقامات کی طرف جانے والے راستوں پر بھی اضافی اہلکار تعینات کر دیئے گئے ہیں ۔سنٹرل جیل پشاورسمیت گورنر ہائوس کی طرف جانے والے راستوں کی بھی کڑی نگرانی شروع کر دی گئی ہے جبکہ قلعہ بالاحصار کے اطراف بھی سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں ۔اندرون شہر بھی پولیس گشت میں اضافہ کیاگیا ہے تاہم شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر اہلکاروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے جو باہر سے شہر میں داخل ہونے والی ہر گاڑی کی جانچ پڑتال کر رہے ہیں جس کے بعد ہی گاڑی کو داخلے کی اجازت دی جار ہی ہے ۔