قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس بدھ کو طلب، آڈیو لیک، ملکی سلامتی اور دیگر اہم امور پر غور کیا جائیگا
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں اعلیٰ عسکری اور سول قیادت شریک ہوگی، اہم فیصلے متوقع ہیں
اسلام آباد (ویب نیوز)
وزیراعظم شہباز شریف نے نیشنل سیکیورٹی کمیٹی کا اجلاس بروز بدھ طلب کرلیا جس میں آڈیو لیک، ملکی سلامتی اور دیگر امور پر بات کی جائے گی۔ سرکاری اعلامیہ کے مطابق قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس بدھ کو وزیراعظم ہائوس میں طلب کیا گیا ہے جس میں اعلیٰ عسکری اور سول قیادت شریک ہوگی۔ اجلاس میں وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، وزیر داخلہ رانا ثنااللہ، وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب، وزیر خزانہ سمیت اہم وزرا شریک ہوں گے۔ نیشنل سیکیورٹی اجلاس میں سیلاب کی صورت حال، سیکیورٹی اور دیگر معاملات پر مشاورت ہو گی۔ ذرائع کے مطابق آئی بی اور آئی ایس آئی کے سربراہان خفیہ ریکارڈنگز کے متعلق قومی سلامتی کمیٹی کو بریف کریں گے۔ نیشنل سیکیورٹی کمیٹی اجلاس میں اہم فیصلے متوقع ہیں جبکہ وزیراعظم آفس میں ہونے والی گفتگو کی آڈیو لیک کا معاملہ بھی زیر غور آئے گا۔ اجلاس میں امن و امان کی صورتحال کے حوالے سے بریفنگ دی جائے گی۔یاد رہے کہ دو روز قبل وزیراعظم ہائوس میں ہونے والے اجلاس میں آڈیو سامنے آئی تھی جس کے بعد پی ایم ہائوس کی سیکیورٹی کے حوالے سے سوالات اٹھائے جا رہے تھے۔