الیکشن کمیشن نے کراچی میں بلدیاتی انتخابات ملتوی کرانے کی حکومتی درخواست مسترد کر دی
چیف الیکشن کمشنر کی زیر صدارت اہم اجلاس، کراچی میں بلدیاتی انتخابات 23 اکتوبر کو ہی کرانے کا فیصلہ
سندھ حکومت کراچی ڈویژن میں پولیس کی تعیناتی کو یقینی بنائے،امن وامان برقرار رکھنا صوبائی حکومت اور اداروں کی ذمہ داری ہے،الیکشن کمیشن
الیکشن کمیشن نے ضمنی انتخابات کیلئے فنڈز فراہم نہ کرنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ملتوی کرنے کا عندیہ بھی دیا
اسلام آباد( ویب نیوز)
الیکشن کمیشن نے کراچی میں بلدیاتی انتخابات ملتوی کرانے کی سندھ حکومت کی درخواست مسترد کر دی، کراچی میں بلدیاتی انتخابات 23 اکتوبر کو ہی کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ الیکشن کمیشن نے ضمنی انتخابات کیلئے فنڈز فراہم نہ کرنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ملتوی کرنے کا عندیہ بھی دیا ہے۔ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں الیکشن کمیشن کا اہم اجلاس منگل کے روز اسلام آباد میں ہوا، اجلاس میں ممبران الیکشن کمیشن کے علاوہ سیکرٹری الیکشن کمیشن ، سنیئر افسران اور صوبائی الیکشن کمشنر وں نے وڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ قومی اسمبلی کے 9 اور صوبائی اسمبلی پنجاب کے تین حلقوں میں ضمنی انتخابات کا انعقاد 16اکتوبر کو ہوں گے۔ الیکشن کمیشن نے ضمنی انتخابات کے لئے انتظامات مکمل کر لئے ہیں، انتخابات کے پر امن انعقاد کے لئے الیکشن کمیشن پاک فوج ، رینجرز اور فرنٹیر کور کی تعیناتی کے لئے وزارت دفاع اور وزارت داخلہ سے رابطے میں ہیں۔ حساس پولنگ اسٹیشنز کے باہر پاک فوج رینجرز یا فرنیٹر کور کی تعیناتی ضروری ہے۔ اجلاس میں الیکشن کمیشن نے کراچی میں بلدیاتی انتخابات ملتوی کرانے کی درخواست مسترد کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت کراچی ڈویژن میں پولیس کی تعیناتی کو یقینی بنائے، الیکشن کے دوران امن ا ومان قائم رکھنا صوبائی حکومتی کی ذمہ داری ہے، صوبائی حکومت نے سیلاب کی وجہ سے بلدیاتی انتخابات 3 مہینوں کیلئے ملتوی کرنے کی درخواست کی تھی۔ ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق وفاقی حکومت نے ضمنی انتخابات کیلئے 600 ملین روپے فراہم نہیں کیے، اجلاس میں فنڈز فراہم نہ کرنے پر الیکشن کمیشن نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔ الیکشن کمیشن نے واضح کیا ہے کہ فنڈز فراہم نہ کیے گئے تو ضمنی انتخابات ملتوی کرائے جائیں گے۔ بلدیاتی انتخابات کیلئے صرف 25 ملین روپے فراہم کیے گئے بقایا رقم فراہم نہیں کی گئی، 12 حلقوں میں ضمنی انتخابات کیلئے تیاریاں مکمل کر لیں گئیں ہیں، الیکشن کمیشن کا 12 حلقوں میں فوج ، رینجرز ، ایف سی کی فراہمی کیلئے الیکشن کمیشن دوبارہ حکومت کو خط لکھے گا۔ کراچی میں بلدیاتی انتخابات 23 اکتوبر کو ہی ہوں گے۔