• حکومت پاکستان اور دفتر خارجہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کیس میں سنجیدہ اور نتیجہ خیز کوششیں کریں
  • ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کی آئینی پٹیشن کی سماعت کے دوران عدالت کے ریمارکس

اسلام آباد  (ویب نیوز)

دفتر خارجہ نے اسلام ہائی کورٹ میں ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کی جانب سے دائر آئینی پٹیشن نمبر 3139/2015  کی سماعت کے دوران ڈاکٹر عافیہ صدیقی سے متعلق رپورٹ (update) جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان کی عدالت میںپیش کی۔عافیہ موومنٹ پاکستان کی جاری تفصیلات کے مطابق ایڈوکیٹ حافظ عرفات احمد نے عدالت میں ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی ہمشیرہ اور پٹیشنرڈاکٹر فوزیہ صدیقی کی نمائندگی کی۔ انہوں نے عدالت کو ڈاکٹر عافیہ کیس کی صورتحال کے بارے میں مختصراً آگاہ کیا اور کہا کہ اس معاملے میں کوئی پیشرفت نظر نہیں آرہی ہے۔معزز عدالت نے دوران سماعت ریمارکس دیئے کہ دفتر خارجہ کی جانب سے پیش کردہ اپڈیٹ کو دیکھا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر ریاستی ادارے اس کیس کی درست انداز میں پیروی کریں تو یہ معاملہ اپنے منطقی انجام تک پہنچ سکتا ہے۔ عدالت نے ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کے وکیل سے کہا کہ وہ بھی اس سلسلے میں عدالت کی معاونت کریں تاکہ کیس کو منطقی انجام تک پہنچایا جا سکے۔عدالت نے حکومت پاکستان اور دفتر خارجہ سے کہا کہ وہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کیس میں سنجیدہ اور نتیجہ خیز کوششیں کریں۔بعد ازاں عدالت نے کیس کی سماعت 21 نومبر تک ملتوی کر دی۔