پاکستان میں جمہوریت دفن ہو چکی ہے،عمران خان کا فیصلے پر رد عمل

موجودہ الیکشن کمیشن اور اسکے فیصلوں کی کوئی ساکھ نہیں،کارکن پرامن احتجاج کریں،عمران خان کی ہدایت

چیئرمین پی ٹی آئی کی زیر صدارت اہم بیٹھک، الیکشن کمیشن کا فیصلہ چیلنج کرنے پر اتفاق، قانونی ٹیم کو پٹیشن تیار کرنے کا حکم

اسلام آباد( ویب  نیوز)

پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے نا اہلی فیصلے کے بعد کارکنوں کو ہدایت کی ہے کہ پر امن احتجاج کریں۔ موجودہ الیکشن کمیشن اور اسکے فیصلوں کی کوئی ساکھ نہیں،پاکستان میں جمہوریت دفن ہو چکی ہے۔  الیکشن کمیشن کی جانب سے عمران خان کو توشہ خانہ کیس میں نا اہل قرار دیئے  جانے کے بعد ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے کیے جا رہے ہیں۔ دوسری طرف پاکستان تحریک انصاف  کی اہم بیٹھک بنی گالہ میں سابق وزیراعظم  عمران خان کی زیر صدارت  ہوئی،جس میں پارٹی کے سینئر رہنمائوں شاہ محمود قریشی،اسد عمر، فواد چوہدری سمیت دیگر رہنماوں نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران الیکشن کمیشن کے فیصلے پر بھی بریفنگ دی گئی۔ پی ٹی آئی ذرائع کا کہنا ہے کہ سینیئر قیادت کے مشاورتی اجلاس میں لانگ مارچ کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا ہے۔ اجلاس کے دوران ملک میں ہونے والے احتجاجی مظاہروں کو ہوا نہ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ تحریک انصاف نے الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف ہائیکورٹ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے، عمران خان نے قانونی ٹیم کو پٹیشن تیار کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔ اس موقع پر عمران خان نے مظاہرین کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ صرف پرامن احتجاج کیا کریں۔جانبدار الیکشن کمیشن کے اسی طرح کا فیصلہ متوقع تھا، چیف الیکشن کمشنر پی ڈی ایم کا اتحادی ہے، موجودہ الیکشن کمیشن اور اسکے فیصلوں کی کوئی ساکھ نہیں۔ عمران خان کی جانب سے ایک اہم پیغام بھی جاری کیا گیا ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ پاکستان میں جمہوریت دفن ہو چکی ہے۔  میرے پاکستانیوں جب تک میرے الفاظ اپ تک پہنچیں گے مجھے ناجائز کیس میں اندر کر دیا گیا ہو گا۔