• پاکستان اور بھارت کے معاملات میں کوئی صفر جمع کی تجویز نہیں،امریکی محکمہ خارجہ کے نائب ترجمان ویدانت پٹیل کی پریس کانفرنس

واشنگٹن (ویب نیوز)

امریکی محکمہ خارجہ کے نائب ترجمان ویدانت پٹیل نے کہا ہے کہ جمہوریت سربراہی کانفرنس میں پاکستان کی عدم شرکت کا فیصلہ تعلقات متاثر نہیں کرے گا،پاکستان خودمختار ملک ہے اور اپنے فیصلے خود کرسکتا ہے، پاکستان اور بھارت کے معاملات میں صفر جمع کی کوئی تجویز نہیں ۔واشنگٹن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ویدانت پٹیل نے کہا پاکستان اور بھارت سے تعلقات اپنی اپنی جگہ پر قائم ہیں، پاکستان کے ساتھ سکیورٹی معاملات پربھی اہم شراکت داری ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان سے جمہوریت، انسانی حقوق، مذہبی آزادی پر رابطے جاری رہیں گے، پاکستان اور امریکا معاملات پر رابطہ کاری کرتے ہیں۔نائب ترجمان نے جمہوریت سربراہی کانفرنس میں پاکستان کی عدم شرکت کے سوال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان خودمختار ملک ہے اور اپنے فیصلے خود کرسکتا ہے۔ویدانت پٹیل نے کہا مذکورہ کانفرنس میں پاکستان کی عدم شرکت کا فیصلہ امریکا کی تعلقات جاری رکھنے کی خواہشات متاثر نہیں کرے گا۔