امپورٹڈ حکومت اور الیکشن کمیشن آئین کا مذاق اڑا رہے ہیں، عمران خان

بتایا جائے کہ آئین کے مطابق انتخابات 90 دن میں ہوں گے یا نہیں، چیئرمین پی ٹی آئی کا ٹویٹ

اسلام آباد(ویب  نیوز)

تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ امپورٹڈ حکومت اور الیکشن کمیشن مل کر آئین کا مذاق اڑا رہے ہیں۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی بنیاد آئین اور قانون کی حکمرانی ہے، اور اس کو خطرات لاحق ہیں، حکمران انتخابات سے خوفزدہ ہیں اور اپنے سزا یافتہ لیڈروں کو صاف کرنے کے لیے اتنے بے قرار ہیں کہ وہ آئین اور قانون کی حکمرانی کے عمل کو تباہ کرنے کے لیے تیار ہیں۔عمران خان کا کہنا تھا کہ ہم نے اپنی 2 صوبائی اسمبلیاں تحلیل کرنے سے پہلے آئینی و قانونی ماہرین سے مشورہ کیا تھا، آئینی ماہرین نے بتایا تھا کہ آئین کے تحت انتخابات 90 دن میں ہونا لازم ہیں۔چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ واضح ہے کہ انتخابات کے انعقاد سے متعلق 90 دن کی آئینی شق حکمرانوں کیلئے پریشان کن تھی، اس لئے ان بدمعاشوں کی امپورٹڈ حکومت، ان کے ہینڈلر اور کا ساتھ دینے والا الیکشن کمیشن آئین کا سرعام مذاق اڑا رہے ہیں۔چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ اس سے فرق نہیں پڑتا کہ پانچ رکنی بینچ ہو یا فل کورٹ ، ہم صرف یہ جاننا چاہتے ہیں کہ آئین کے مطابق عام انتخابات 90 دن میں ہوں گے یا نہیں ۔۔