جموں و کشمیر کے تنازع کا واحد حل سلامتی کونسل کی قراردادوں میں مضمر ہے، یوم سیاہ کشمیر پر پیغام
اسلام آباد (ویب نیوز)
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ مشکلات کے باوجود بہادر کشمیری بے مثال قربانیاں دے کر بھارتی جارحیت کا مقابلہ کررہے ہیں۔ شہباز شریف نے 27 اکتوبر یوم سیاہ کشمیر کے موقع پر پیغام دیا کہ بوجھل دل کے ساتھ ہم کشمیر سے متعلق ایک اور یوم سیاہ منا رہے ہیں، 27اکتوبر 1947 سے بھارت غیر قانونی طور سے مقبوضہ کشمیر پر قابض ہے، بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں 9 لاکھ سے زیادہ مسلح فوجی تعینات کر رکھے ہیں۔5 اگست 2019 کو مقبوضہ جموں وکشمیرکی خصوصی حیثیت کو غیرقانونی طور پرختم کیا گیا، 5 اگست کے بھارتی یکطرفہ اقدام سے مقبوضہ کشمیر میں صورتحال مزید خراب ہوگئی،شہباز شریف نے کہا کہ گزشتہ 3 سالوں میں بھارتی قابض افواج نے تقریبا 690 بے گناہ کشمیریوں کا ماورائے عدالت قتل کیا، ممتاز حریت رہنما غیرقانونی طور پر زیرحراست یا گھروں میں نظر بند ہیں، بھارت مقبوضہ کشمیرمیں آبادی کے تناسب میں تبدیلی کیلئے قابل مذمت اقدامات کر رہا ہے۔وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا مشکلات کے باوجود بہادر کشمیری بے مثال قربانیاں دے کر بھارتی جارحیت کامقابلہ کررہے ہیں، پاکستان نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف مسلسل آواز اٹھائی ہے، پاکستان عالمی برادری پر مسلسل زوردیتا رہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے مسئلے پر اپنا کردار ادا کرے، جموں و کشمیر کے تنازع کا واحد حل سلامتی کونسل کی قراردادوں میں مضمر ہے، وزیر اعظم نے کہا ہمارا سب سے بڑا اثاثہ اس بنیادی مسئلے پر قومی اتفاق رائے ہے، ہمارے پیارے قائد نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیا، پاکستان ہمیشہ کشمیریوں کے ساتھ کھڑا رہے گا،چاہے کوئی بھی قیمت کیوں نہ ادا کرنا پڑے۔