یوکرائن بحران اور پاکستان میں تباہ کن سیلاب نے غذائی تحفظ کو مزید پیچیدہ کر دیا ہے

پاکستانی سفیر کی امریکہ کے دورے پر آئے وزیر اعظم کے معاون خصوصی شہریار علی خان کی قیادت میں وفدسے گفتگو

واشنگٹن (ویب نیوز)

امریکہ میں پاکستان کے سفیر مسعود خان نے کہا ہے کہ غذائی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے پاکستان اور امریکہ کے درمیان زراعت کے شعبے میں تعاون انتہائی ناگزیرہے، حالیہ سیلاب کے باعث پاکستان اور امریکہ کے درمیان شعبہ زراعت میں تعاون غذائی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے انتہائی اہم ہے۔ پاکستان میں حالیہ سیلاب سے ملک کا ایک تہائی حصہ زیر آب آیا اور 40 لاکھ ایکڑ زرعی اراضی کو نقصان پہنچا، انہوں نے کہا کہ خطے میں غذائی تحفظ کے حوالے سے مشکل صورتحال سے بچنے کے لیے پاک امریکہ تعاون کو مزید مضبوط کرنا وقت کی اشد ضرورت ہے۔ یوکرائن بحران اور پاکستان میں تباہ کن سیلاب نے غذائی تحفظ کو مزید پیچیدہ کر دیا ہے اور اس کے حل کیلئے فوری توجہ کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہارپاکستانی مسعود خان نے امریکہ کے دورے پر آئے ہوئے وزیر اعظم پاکستان کے معاون خصوصی شہریار علی خان کی قیادت میں ایک وفدسے گفتگو کے دوران کیا،وفد کے دیگر اراکین میں وزیر اعظم کے معاون خصوصی شیخ فیاض الدین سمیت ایم این اے اور چیئرمین سٹینڈنگ کمیٹی نیشنل فوڈ سیکیورٹی اینڈ ریسرچ را محمد اجمل خان، پنجاب کے وزیر برائے پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر محمد اختر ملک شامل تھے،ملاقات کے دوران وفد نے دورہ امریکہ کے دوران ملاقاتوں کی تفصیلات سے آگاہ کیا ، وفد نے بتایا کہ ان ملاقاتوں کا مقصد زراعت کے شعبے میں پاک امریکہ دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے سمیت خاص طور پر بی ٹی بیج کی بروقت دستیابی اور کپاس کی فصل کو سپورٹ فراہم کرنا ہے،وفد نے دونوں ممالک کی زرعی یونیورسٹیوں اور تحقیقی اداروں کے درمیان تعاون کو بڑھانے کے لیے دو طرفہ تبادلے کے پروگرامز کو فروغ دینے کے حوالے سے جاری پیش رفت سے بھی آگاہ کیا،سفیر پاکستان مسعود خان نے پاکستان میں حالیہ سیلاب کے بعد پاکستان اور خاص کر متاثرہ کسان برادری کے ساتھ کھڑے ہونے پر امریکی حکومت اور عوام کو سراہا،امریکی حکومت کی جانب سے سیلاب کے لیے 66 ملین ڈالر کی امداد کو سراہتے ہوئے سفیر پاکستان نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ ملک میں غذائی تحفظ کے لیے 10 ملین ڈالر مختص کیے گئے ہیں،مسعود خان نے کہا کہ ملک کا زرعی شعبہ نہ صرف پاکستان کی 220 ملین آبادی بلکہ پڑوسی ملک افغانستان کی ضروریات کو بھی پورا کر رہا ہے،سفیر پاکستان نے کہا کہ غذائی تحفظ کو یقینی بنانے کے زراعت کے شعبے میں ابھرتے ہوئے چیلنج پر فوری توجہ دینے کی ضرورت ہے،مسعود خان نے وفد کو پاک امریکہ دوطرفہ تعاون کی مضبوطی اور اسکے فروغ سمیت امریکی مہارت کی مدد سے ملک کے زرعی شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے کی جانے والی کوششوں سے بھی آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد اور کیلی فورنیا کی یونیورسٹی موسم کی شدت کا مقابلہ کرنے کے قابل بیج تیار کرنے اور جی ایم اوز کی تیاری پر کام کر رہی ہیں۔سفیر پاکستان مسعود خان نے پاکستان کے متعلقہ محکموں اور حکام کو امریکی ہم منصبوں اور محکموں کے ساتھ روابط اور باہمی تعاون بہتر کرنے کیلئے سفارت خانے کے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔