نئی دہلی (ویب نیوز)

ٹوئٹر نے بچوں کے جنسی استحصال، فحش مواد سمیت دہشت گردی کو فروغ دینے پر بھارت میں 54ہزار سے زائد اکاونٹس بند کردئیے ہیں۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ٹوئٹر نے بچوں کے جنسی استحصال، عریانیت اور دیگر فحش مواد کو فروغ دینے پر 26اگست سے 25ستمبر کے درمیان بھارت میں 52ہزار 141اکانٹس بند کر دئیے ہیں جبکہ دہشت گردی کو فروغ دینے پر 1 ہزار 982اکاٹس کو بند کیا گیا ہے۔ٹوئٹر نے بھارت کے نئے آئی ٹی قانون 2021 کی تعمیل سے متعلق اپنی ماہانہ رپورٹ میں کہا ہے کہ اسے شکایات کے ازالہ نظام کے ذریعے 157 شکایات موصول ہوئیں اور 129 معاملوں میں کارروائی کی گئی۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ اس کے علاوہ ان 43 شکایات پر کارروائی کی گئی جن میں اکائونٹس کی معطلی کے خلاف اپیل کی گئی تھی لیکن ان میں سے کسی بھی اکائونٹ کی معطلی واپس نہیں لی گئی ہے اور وہ سارے بدستور معطل ہیں۔ یاد رہے کہ گزشتہ ماہ دہلی کمیشن برائے خواتین کی چیئرپرسن سواتی مالیوال نے کہا تھا کہ چائلڈ پورنو گرافی کی شکایات پر ٹوئٹرسے موصول ہونے والے جوابات نامکمل ہیں اور کمیشن ان سے مطمئن نہیں ہے۔