لکی مروت میں پولیس موبائل پر دہشتگردوں کا حملہ، اے ایس آئی سمیت6اہلکار شہید

پولیس چوکی عباسہ خٹک کی موبائل ہفتہ وار میلے میں سکیورٹی کیلئے جارہی تھی، موٹرسائیکل سوار دہشتگردوں نے اندھا دھند فائرنگ کردی

 علاقے کی ناکہ بندی کردی گئی ،پولیس کی مزید نفری طلب کر کے دہشتگردوں کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے،ڈی پی او

 وزیر اعلی خیبرپختونخوا محمود خان نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پولیس سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی

لکی مروت/پشاور(ویب  نیوز)

لکی مروت میں پولیس موبائل پر دہشتگردوں کے حملے میں اے ایس آئی سمیت6 پولیس اہلکار شہید ہوگئے، وزیر اعلی خیبرپختونخوا محمود خان نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پولیس سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی ،وزیراعظم میاں شہباز شریف نے پولیس وین پر دہشتگردوں کے حملہ کی شدید مذمت کی ۔پولیس کے مطابق لکی مروت میں ہفتہ وار میلے میں پولیس چوکی عباسہ خٹک کی موبائل سکیورٹی کے لئے جارہی تھی کہ اس دوران موٹرسائیکل پر سوار دہشتگردوں نے تھانہ ڈاڈیوالہ کی حدود میں موبائل پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 6پولیس اہلکار شہید ہوگئے۔حملہ اس قدر اچانک کیا گیا کہ پولیس اہلکاروں کو سنبھلنے کا موقع نہ ملا،پولیس حکام نے کہا کہ دہشتگردوں کے حملے میں شہید ہونے والوں میں موبائل کا ڈرائیور اور ڈیوٹی انچارج اے ایس آئی بھی شامل ہیں جبکہ شہید ہونے والوں کی شناخت اسسٹنٹ سب انسپکٹر علم دین،کانسٹیبل پرویز ،احمد، دل جان، عبداللہ اور محمود کے ناموں سے ہوئی ۔ڈی پی او کے مطابق واقعہ کے بعد علاقے کی ناکہ بندی کردی گئی ،پولیس کی مزید نفری طلب کر کے دہشتگردوں کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن کیا جارہا ہے۔ وزیر اعلی خیبرپختونخوا محمود خان نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پولیس سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔وزیر اعلیٰ نے شہید ہونے والوں کی درجات کی بلندی اورغمزدہ لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ واقعہ انتہائی افسوناک ہے، شہدا کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی۔