پاکستان میں اب تک خناق سے 39 بچے انتقال کر چکے، بیماری بچوں میں پینٹا ویلنٹ ویکسین نہ لگنے کے باعث پھیل رہی ہے،وفاقی وزارت صحت
اسلام آباد (ویب نیوز)
پاکستان میں خناق کی بیماری سے بچوں کی ہلاکتوں پر عالمی ادارہ صحت اور یونیسف نے پاکستان کو خناق کی دوا فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔یونیسیف حکام کا کہنا ہے کہ خناق میں مبتلا شدید بیمار بچوں کے لیے اینٹی ڈفتھیریا سیرم فراہم کرنے کے انتظامات کر رہے ہیں۔عالمی ادارہ صحت بھی پاکستان میں اینٹی ڈفتھیریا سیرم فراہم کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔وفاقی وزارت صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ پاکستان میں اب تک خناق سے کم از کم 39 بچے انتقال کر چکے ہیں۔اس حوالے سے ماہرین امراض اطفال نے کہا کہ خناق کی بیماری بچوں میں پینٹا ویلنٹ ویکسین نہ لگنے کے باعث پھیل رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ خناق میں مبتلا بچوں کی ہلاکت اینٹی ڈفتھیریا سیرم میسر نہ ہونے کے باعث ہو رہی ہیں۔حکام کاکہنا ہے کہ خناق کی بیماری دنیا سے ختم ہونے کے باعث یہ سیرم دنیا میں بہت کم بنایا جاتا ہے۔