بھارتی فوج نے جموں میں ایک اور کشمیری نوجوان کو شہید کردیا
بھارتی بارڈر سیکورٹی فورس اہلکاروں نے نوجوان کو ارنیا میں گولی ماری دی
شمالی کشمیر کے بانڈی پورہ قصبے سے دو کشمیری نوجوانوں کو گرفتار کر لیا گیا
سری نگر(کے پی آئی) بھارتی فوج نے جموں میں ایک اور کشمیری نوجوان کو شہید کردیا۔بھارتی بارڈر سیکورٹی فورس ( بی ایس ایف )کے اہلکاروں نے بے گناہ کشمیری نوجوان کو ضلع جموں کے ارینہ سیکٹر میں شہید کیا۔بی ایس ایف اہلکاروں نے دعوی کیا ہے کہ شبہ میں نوجوان کو رکنے کا کہاگیاتاہم اس نے کوئی توجہ نہ دی جس پر اسے گولی مار دی گئی ۔ بی ایس ایف ترجمان نے تاہم اعتراف کیا ہے کہ نوجوان کے قبضے سے کوئی مشتبہ چیز برآمد نہیں ہوئی ہے ۔
بھارتی فورسز نے شمالی کشمیر کے بانڈی پورہ قصبے سے دو کشمیری نوجوانوں کو گرفتار کر لیا ہے جبکہ مقبوضہ کشمیر کے کئی علاقوں میں تلاشی محاصرے کی کارروائی جاری ہے ۔ سری نگر کے مرکز لالچوک سمیت کئی علاقوں میں فورسز نے ناکے لگا کر گاڑیوں اور راہگیروں کو روک کر ان کی تلاشی لی۔ لالچوک کے ساتھ ساتھ آس پاس علاقوں میں بھی فورسز کی اضافی تعیناتی عمل میں لائی گئی ہے جہاں پر راہگیروں اور مسافروں کے شناختی کارڈ باریک بینی سے چیک کئے جار ہے تھے ۔ پائین شہر میں بھی سیکورٹی فورسز کو مستعد رہنے کے احکامات صادر کئے گئے ہیں۔ شہر میں رات کے دوران فورسز کی پیٹرولنگ بھی بڑھائی گئی ہے ۔