نئی ذمہ داریاں ملنے پر جنرل ساحر شمشاد اور جنرل عاصم منیر کیلئے نیک تمنائوں کا اظہار کرتے ہیں،پی ٹی آئی

امید ہے فوج کی نئی قیادت ملک میں آئینی حقوق کی بحالی اور جمہوریت کے استحکام کیلئے اپنا کردار ادا کرے گی

عوام کی تواقعات کے مطابق غیر جانبدارانہ موقف اپناتے ہوئے سیاسی جماعتوں کے سیاسی حقوق سلب نہیں کئے جائینگے

ہم ملک کی سلامتی اور اداروں کے استحکام کیلئے ہر قدم اٹھانے کو تیار ہیں،اعلامیہ

اسلام آباد( ویب  نیوز)

پاکستان تحریک انصاف نے  نئی ذمہ داریاں ملنے پر جنرل ساحر شمشاد اور جنرل عاصم منیر کیلئے نیک تمنائوں کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ امید ہے فوج کی نئی قیادت ملک میں آئینی حقوق کی بحالی اور جمہوریت کے استحکام کیلئے اپنا کردار ادا کرے گی،عوام کی تواقعات کے مطابق غیر جانبدارانہ موقف اپناتے ہوئے سیاسی جماعتوں کے سیاسی حقوق سلب نہیں کئے جائینگے۔افواجِ پاکستان میں اعلیٰ عہدوں پر تقرریوں  کے معاملے پر  پاکستان تحریک انصاف نے باضابطہ اعلامیہ جاری کردیا، جس کے مطابق  فوج کے نئے سربراہ کی تقرری کے ضمن میں صدر مملکت کا اعلامیہ سامنے آ چکا ہے، تحریک انصاف کا موقف واضع ہے ہم ملک کی سلامتی اور اداروں کے استحکام کیلئے ہر قدم اٹھانے کو تیار ہیں،  گزشتہ آٹھ ماہ کے واقعات نے واضع طور پر ملک میں تفریق پیدا کی ،  ان آٹھ ماہ میں جو اقدامات اٹھائے گئے ان سے ملک اور اداروں کو شدید نقصان پہنچا، پاکستان میں انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزی دیکھنے میں آئیں۔  اعلامیہ تحریک انصاف میں مزید کہا گیا ہے کہ صحافتی اداروں اور صحافیوں کو شدید دبائو اور تشدد کا نشانہ بنایا گیا، ارشد شریف جیسے نامور صحافی شہیدکردئیے گئے، ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت اور ملک کے سب سے بڑے لیڈر عمران خان کو دیوار سے لگانے کی کوششوں کے نتیجے میں ملک بدترین سیاسی عدم استحکام کا شکار ہو گیا،  اس سیاسی عدم استحکام نے ملک میں شدید معاشی بحران کو جنم دیا۔ اعلامیہ کے مطابق فوج کی نئی قیادت سے ہماری توقع ہے کہ وہ ملک میں آئینی حقوق کی بحالی اور جمہوریت کے استحکام کیلئے اپنا کردار ادا کرے گی،  عوام کو نئے انتخابات کے ذریعے ملک کی نئی قیادت چننے کے حق کو تسلیم کیا جائیگا، عوام فوج سے توقع رکھتی ہے کہ بیرونی خطرات کے ساتھ اندرونی معاملات پر عوام کی تواقعات کے مطابق غیر جانبدارانہ موقف اپناتے ہوئے سیاسی جماعتوں کے سیاسی حقوق سلب نہیں کئے جائینگے۔اعلامیہ تحریک انصاف کے مطابق  ملک میں جاری بحران کا واحد حل نئے انتخابات ہیں،  پاکستان کا درد رکھنے والے تمام اداروں اور شخصیات کو انتخابات کے انعقاد میں اپنا کردار ادا کرنا چاہئے،  جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی مقرر ہونے پر جنرل ساحر شمشاد اور چیف آف آرمی سٹاف مقرر ہونے پر جنرل عاصم منیر کیلئے تمنائوں کا اظہار کرتے ہیں۔