دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں لاہور پہلے نمبر جبکہ بھارتی شہر کولکتہ دوسرے نمبر پر موجود ہے

لاہور (ویب نیوز)

پنجاب کے میدانی علاقے شدید دھند کی لپیٹ میں آ گئے، جس کے باعث موٹر وے ایم ٹو لاہور سے شیخو پورہ تک بند کر دی گئی۔ ترجمان موٹر وے پولیس نے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔ لاہور سیالکوٹ موٹروے کو مرید کے سے سمبڑیال دھند کی وجہ سے بند کیا گیا۔پولیس کی جانب سے لوگوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ روڈ یوزرز آگے اور پیچھے دھند والی لائٹس کا استعمال کریں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں، جب کہ تیز رفتاری سے پرہیز کر یں اور اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ رکھیں۔ترجمان کا کہنا ہے کہ روڈ یوزرز معلومات اور مدد کے لیے ہیلپ لائن 130 سے رابطہ کریں۔ موٹروے پولیس کی ہمسفر ایپ سے بھی معلومات حاصل کی جاسکتی ہیں۔دوسری جانب حافظ آباد اور گرد و نواح میں بھی دھند کا راج ہے، جہاں حد نگاہ انتہائی کم ہوگئی جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی ہے۔ ترجمان موٹر وے پولیس کا یہ بھی کہنا ہے کہ فوگ لائٹس کا استعمال اور تیز رفتاری سے گریز کریں۔دوسری جانب دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں لاہور پہلے نمبر جبکہ بھارتی شہر کولکتہ دوسرے نمبر پر موجود ہے۔ ایئرکوالٹی انڈیکس کے مطابق بنگلادیش کا دارالحکومت ڈھاکا آلودہ ترین شہروں میں چوتھے اور کراچی نویں نمبر پر موجود ہے۔