ن لیگ کی طرف جاتے جاتے اللہ نے راستہ تبدیل کروایا، راستہ دکھانے کے لیے اللہ نے سابق آرمی چیف قمر جاوید باجوہ کو بھیجا، چوہدری پرویز الہیٰ
نہ سابق آرمی چیف نے ڈبل گیم کی اور نہ عمران خان نے، باجوہ صاحب سے کہا کہ شریفوں کا اعتبار نہیں ، شریفوں نے آپ کیساتھ بھی یہی کیا
عمران خان کے کہنے پر پنجاب اسمبلی توڑنے کو تیار ہوں، تاہم مارچ تک انتظار کرنے کا مشورہ دیا ہے، اپوزیشن کے پاس مذاکرات کیلئے یہ اچھا موقع ہے
عثمان بزدار تحصیل ناظم نہیں بن سکتے تھے، میرے کہنے پر انہیں وزیراعلیٰ پنجاب بنایا گیا، وزیراعلیٰ پنجاب کا نجی ٹی وی کو انٹرویو
لاہور(ویب نیوز)
وزیراعلی پنجاب چودھری پرویز الہی نے کہا ہے کہ سابق آرمی چیف جنرل باجوہ نے عمران خان کا ساتھ دینے کا مشورہ دیا، باجوہ صاحب نے کہا آپ کیلئے عمران خان والا راستہ بہتر ہے، پی ٹی آئی چیئرمین کے کہنے پر پنجاب اسمبلی توڑنے کو تیار ہوں لیکن مارچ تک انتظار کرنے کا مشورہ دیا۔نجی ٹی وی چینل کو دیئے گئے انٹرویو میں چودھری پرویز الہی کا کہنا تھا کہ ن لیگ کی طرف جاتے جاتے اللہ نے راستہ تبدیل کیا اور راستہ دکھانے کیلئے اللہ نے جنرل (ر) باجوہ کو بھیج دیا، باجوہ صاحب سے کہا کہ شریفوں کا اعتبار نہیں ہے۔ وزیراعلی پنجاب نے مزید کہا کہ سابق آرمی چیف سے کہا تھا کہ شریفوں نے آپ کیساتھ بھی یہی کیا، باجوہ صاحب نے کہا میرے ساتھ جو ہوا وہ چھوڑیں، باجوہ صاحب نے کہا اپنی بات آپ خود سوچیں، لیکن سوچ کر چلیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اسمبلی توڑنے میں ایک منٹ نہیں لگائوں گا، ہمارا آئندہ سیاسی سفر عمران خان کے ساتھ ہی ہو گا۔ چودھری پرویز الہی نے کہا کہ عمران خان کے کہنے پر پنجاب اسمبلی توڑنے کو تیار ہوں لیکن مارچ تک انتظار کرنے کا مشورہ دیا، نہ جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ نے ڈبل گیم کی اور نہ عمران خان نے ایسا کیا۔سابق وزیر اعلی پنجاب سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عثمان بزدار تحصیل ناظم نہیں بن سکتے تھے، میرے کہنے پر انہیں وزیراعلی پنجاب بنایا گیا۔انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کو اللہ تعالی نے اتنی ہمت دی ہے کہ انہوں نے شریفوں کے لیے خوف پیدا کر دیا ہے، ان کی زبان اور سوچ پر ہر وقت عمران خان کا نام رہتا ہے۔وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق سوال کے جواب میں پرویز الہی کا کہنا تھا کہ وہ پوری طرح بے نقاب ہو گئے ہیں، یہ(حکومت)سمجھتے ہیں کہ لوگ بھول گئے ہیں، اللہ تعالی نے عمران خان کی شکل میں ایک بندہ بھیجا ہے، جو ان کے سارے برے کاموں کو یاد کراتا رہتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ میرے ساتھ انہوں نے اور ان کی فیملی نے 5 بار دھوکا کیا ہے، مجھے انہوں نے چلنے نہیں دینا تو مجھے کوئی فائدہ نہیں ہونا، مجھے پتا ہے کہ عمران خان مجھے چلنے دیں گے، انہیں یہ بھی پتا ہے کہ میں نے ڈیلیور کیا ہے، میں نے 1122 جیسے بے شمار ادارے بنائے۔وزیراعلی پنجاب کا کہنا تھا کہ مونس الہی کا بھی ذہن تھا کہ ہم نے عمران خان کے ساتھ جانا ہے۔چوہدری پرویز الہی نے کہا کہ اورنج لائن تباہی ہے، ہر مہینے 14 ارب روپے کا نقصان ہوتا ہے اور اس کا کوئی فائدہ بھی نہیں ہے، ہم نے آتے ساتھ ہی یہ کیا ہے کہ جتنا سفر ہے، اتنا ٹکٹ کر دیا ہے، اس سے کم از کم آمدن بڑھ گئی ہے۔انہوں نے دعوی کیا کہ پراپرٹی پر پہلے رجسٹری کی فیس 3 فیصد تھی، جسے کم کرکے میں نے ایک فیصد کر دیا، جس سے پراپرٹی بوم کر گئی ہے اور ہمارا ٹیکس بڑھ گیا ہے، ہمارے پاس کافی پیسے آگئے ہیں وہ ہم سڑکوں اور اضلاع پر لگا رہے ہیں۔